ایک آوارہ اینگلو انڈین لڑکی
ریڈیو پاکستان کو دیئے ایک انٹرویو میں اپنے کلام و شخصیت کی بے ساختگی کا ذکر کرتے ہوئے جون ایلیا نے کہا تھا، ’صاحب اگر چاندنی رات ہو اور ٹریفک نہ ہو بندر روڈ پر تو میں لیٹ سکتا ہوں بندر روڈ پر‘ ۔ صاحبو، اس بحث سے قطعِ نظر کہ بندر روڈ پر ٹریفک کی صورت میں لیٹنا بے ساختگی شمار ہو گی یا پھر بغیر ٹریفک، ہمیں تو ایک جوبن پر آئی رات میں جبکہ چاندنی چٹکی ہو کراچی بندر کی ساحلی ہوا کو جاتی سنسان سڑک پر لیٹ جانے میں بے ساختگی سے زیادہ آوارگی نظر آتی ہے۔ اپنے مشتاق احمد یوسفی نے بھی تو کہا تھا،
ایک زمانے میں جب ہم جوان تھے اور جون ایلیا بالکل ایسے ہی تھے جیسے کہ اب ہیں تو ہم رسالوں میں ان کی غزلیں یہ سمجھ کر بڑے شوق اور بے تابی سے پڑھتے تھے کہ یہ کسی آوارہ اینگلوانڈین لڑکی کا کلام ہے۔
ہمیں (اپنی) بھری جوانی میں جون ایلیا کی بابت ایسا کوئی مغالطہ نہیں رہا، سو جون کو پڑھنے میں کسی بے تابی کا ہم دعویٰ نہیں کرتے۔ ان کی پہلی کتاب جسکو ہمارے ہاتھ لگے وہ ان کا مجموعہ تھا ’شاید‘۔ اس وقت ہم آدمجی سائنس کالج کے طالبعلم تھے، بقول شخصے بسوں اور ٹیوشن سنڑوں کے دھکے کھاتے کراچی کے انٹرکالجیٹ لونڈے۔ جون ایلیا خود اعتراف کرتے ہیں کہ ان کا پہلا مجموعۂ کلام ’شاید‘ جو اپنی اصل میں ان کا پہلا اعترافِ شکست سمجھا جانا چاہیے انتیس تیس برس کی تاخیر سے شائع ہوا۔ شاید کے دیباچے میں جون لکھتے ہیں کہ اپنا پہلا شعر انہوں نے آٹھ برس کی عمر میں کہا
چاہ میں اس کی تمانچے کھائے ہیں
دیکھ لو سرخی مرے رخسار کی
یہاں وہ عمرِ عزیز کی آٹھویں سیڑھی پر ہی کہے گئے دوسرے شعر کا ذکر گول کر گئے۔ ریڈیو پاکستان کے اسی انٹرویو میں جس کا ذکر اوپر ہو گزرا جون سے روایت ہے کہ ان کی زندگی کا دوسرا شعر جو انہوں نے کہا
نہ جانے کیا ہے یہ بات اور کیا حقیقت ہے
مجھے تمہی سے محبت تمہی سے نفرت ہے
ان کی زندگی کے پہلے شعر کو تو بعدازاں غزل نصیب ہوگئی مگر دوسرا شعر تنہا اکلاپے کا شکار لنڈورا مطلع ہی رہا۔ یہاں تک تو سب ٹھیک ہے مگر اس کا کیا کریں کہ عین اسی سال یعنی کمسنی کی آٹھویں سیڑھی پر پڑاؤ ڈالے ہمارے جون کو شاعری سے اُدھر جو دوسرا وقوعہ پیش آیا وہ پہلی محبت تھی۔ صاحبو، جون نے اپنی پہلی محبوبہ کو’قتالہ لڑکی‘ لکھا ہے۔ مرشدی وآقائی یوسفی جو کہ شاید کے دیباچے کی اشاعت سے بہت پہلے جون کا تفصیلی انٹرویو کرچکے تھے نے پوچھا کہ آپ کی عمر تو ہوئی آٹھ سال کچھ اس قتالۂ عالم کے سٍن کے بارے میں بھی بتائیے۔ تو جون نے کہا ’یہی کوئی ایک ڈیڑھ سال ہم سے چھوٹی تھی‘ اور چہرۂ یوسفی پر ایک بھونچال امڈتا دیکھ کر فوراً سے پیشتر گرہ لگائی، ’جانی! آب و ہوا کو بھی تو کوئی دخل ہوتا ہے‘ (’جانی‘ جون ایلیا کا طرزِ تخاطب تھا۔ کہنے والے کہتے ہیں کہ جون ہر کسی کو جانی کہہ کر مخاطب کرتے تھے سوائے اپنی بیگم کے)۔ صاحبو امروہہ کی آب و ہوا اور وہاں کے گدرائے امرودوں میں کوئی تاثیر ہو تو ہو جو صنف نازک کو دوشیزگی سے بھی بہت پہلے قتالہ بنا ڈالتی ہو۔ جڑانوالہ یا پھر سٹیل ٹاؤن کی آب و ہوا فرق تھی۔
’شاید‘ کے دیباچے میں تین یا چار پیراگراف پر مشتمل جون ایلیا نے جو اپنے پہلے عشق کا نقشہ کھینچا ہے بالکل ان کی شاعری کی طرح ہے۔جی وہی، ایک آوارہ اینگلو انڈین لڑکی۔۔۔ مذکورہ پیراگرافوں میں بیان کیے گئے زریں اصول کشید کر کے تو اچھی بھلی کمسنی کے عاشقوں کی رہنما گائیڈ ترتیب دی جاسکتی ہے۔ سامنے سے آتی سات، ساڑھے سات برس کی ’قتالۂ عالم‘ سے منہ دوسری طرف پھیر لینے کا مطلب ہوا کہ گویا ’اے لڑکی میں تم سے محبت کرتا ہوں‘۔ یا پھر وہی ’قتالہ‘ اپنے محبوب کو اگر کھانا کھاتے دیکھ لے جیسا کہ جون اس دن کھا رہے تھے جب وہ لڑکی ان کے گھر آئی تو ایک ہی سانس میں سالم نوالہ نگل لینا۔ جون ہی سے روایت ہے کہ محبت جیسے آفاقی جذبے میں لقمہ چبانا، معدہ و انتڑیوں والا غیر رومانوی جسم رکھنا پرلے درجے کی بدذوقی اور غیرجمالیاتی اضافتیں ہیں۔ صاحبو!کمسنی کی محبت شاید ایسی ہی ہوتی ہو۔ ہمیں بھی تو ہوئی تھی۔
ٹاؤن شپ میں محبت
پرائمری سکول کے آخری سال میں ہمارے ہم جماعت حشمت نے ہمیں بتایا تھا کہ جب تم کسی لڑکی کو خواب میں دیکھ لو تو جان لو کہ تمہیں محبت ہوگئی ہے۔ مِس نجمہ کے زیرِ عاکفت و عاطفت پروان چڑھتی جماعت پنجم میں حشمت کی شہرت اچھی نہ تھی۔ کلاس کے ہونہار طالبعلموں میں سے کبھی ہم اور کبھی صنفِ مخالف سے ایک بھلی سی لڑکی ٹیچر کی غیر حاضری میں کلاس مانیٹر کا چارج سنبھالتے تو بلیک بورڈ پر چاک سے شور و شرارت کرنے والے ناموں میں سب سے پہلا نام حشمت کا ہی ہوتا۔ تو جب ہم نے خواب دیکھ لیا اور ہمیں اپنی دانست میں محبت ہوگئی تو اگلے سبق سے پہلے ہی کمینہ حشمت کلاس مانیٹر سے دشمنی کی آڑ میں صاف غچہ دے گیا۔ ہم نے تب تک ’شاید‘ کا دیباچہ نہیں پڑھا تھا، مگر اللہ جون کو خوش رکھے تب ہمیں بھی اظہارِ محبت انتہائی گھٹیا اور ذلیل کام ہی لگتا تھا۔ ایک کوایجوکیشن پرائمری سے بوائز سیکنڈری سکول کی سیڑھیاں چڑھتا مانی خواب میں ملی محبوبہ سے منہ پھیر کر چلا آیا کہ اپنی دانست میں اس کا مطلب تھا ’اے لڑکی میں تم سے محبت کرتا ہوں‘۔ خدا معلوم وہ سمجھی یا نہیں کیونکہ آنے والے دنوں میں ہم لقمے چباتے رہ گئے مگر جون کی محبوبہ کی طرح وہ لڑکی کبھی ہمارے گھر نہیں آئی۔ ہاں مگر ایک دن ہم اس کے گھر چلے گئے۔
جب سکول بھی متفرق ہوگئے اور اسے دیکھے بہت دن بیتے تو کچھ ویسا ہی عالم ہوا جیسا کہ اولڈ کیمپس کے ہاسٹل سے نکلتی سیمی نے قیوم کے دل سے کچھ خریدے بغیر ساری انار کلی کا ٹریفک اس میں بند کر دیا تھا۔ سٹیل ٹاؤن سی بلاک کی تنگ گلیوں میں بھی کہیں سے ایک ملٹری تھری ٹنر آ کھڑا ہوا تھا جس نے سارے میں ٹریفک جام کردیا تھا۔ اطراف میں پھنسی گاڑیوں کے دہائی دیتے ہارنوں کے شور کے بیچ اس دل کے چوراہے پر کھڑے ٹریفک کے سپاہی کو ٹہلاتے بہلاتے اس دن کی شام مجھے گلزارِ مدینہ مسجد میں ملی۔ نمازی مغرب کی نماز پڑھ کر باہر نکل رہے تھے، اور ان میں امام مسجد کے گھر کا ٹفن اٹھائے ہمارا کلاس فیلو فخر انوار بھی تھا۔ ایک دلسوز لحن میں نعتیں اور ملی نغمے پڑھنے والا فخر انوار۔ شاید جمعرات تھی اور اس دن امام صاحب کے گھر کھانا اس لڑکی کے گھر سے جانا تھا۔ تو مسجد سے باہر نکلتے ٹفن اٹھائے چند گلیوں کے فاصلے پر جاتے فخر کے ساتھ میں بھی ہولیا، ایک التجا بھری درخواست کے ساتھ کہ یار کچھ دور ساتھ چلو تو وہ والی نعت ہی سناتے جاؤ جو تم بہت اچھی پڑھتے ہو۔
چلتے چلتے اس گلی کی نکڑ تک پہنچے جہاں سے فخر نے مڑ جانا تھا تو دل میں کچھ ابال سا آیا اور میں بھی اس کے ساتھ ہولیا۔
دروازے پر دستک دیتے فخر نے مجھے کچھ عجیب سے انداز سے دیکھا ہوگا۔ دروازہ اسی نے کھولا اور پل بھر کو نظریں چار ہوئیں۔ شاید میں نے کوئی بات کی تھی یا پھر صمٗ بکمٗ گنگ کھڑا اسے دیکھا کیا، یہ اب یاد نہیں۔ اتنا ضرور یاد ہے قبل اس کے کہ یہ دل وہ محبوب چوکھٹ الانگھتا میری ہمت جواب دے گئی اور میں پلٹ کر سرپٹ بھاگا۔ شاید یہ میری یادداشت کا فسوں ہے یا پھر واقعتاً میرے کان سائیں سائیں کررہے تھے، سارے میں اونچے سروقد سفیدے کے پتوں کی سرسراہٹ تھی اور کالونی کے دروبام میں دور کہیں ایک بازگشت گونج رہی تھی، ’اے لڑکی میں تم سے محبت کرتا ہوں‘ ۔ ٹاؤن شپ کے قلب میں اترتی اس رات ایک محبت کسی آوارہ اینگلو انڈین لڑکی کے مانند بدنام ہو گئی تھی
اس کی گلی سے اٹھ کر میں آن پڑا تھا اپنے گھر
ایک گلی کی بات تھی اور گلی گلی گئی
کمسنی کی محبت شاید ایسی ہی ہوتی ہو۔ اپنے جون کی ’شاید‘ کے دیباچے کی پہلی محبت کی طرح ۔۔۔ صاحبو! آب و ہوا کو بھی تو کوئی دخل ہوتا ہے ۔۔۔
علامہ اقبال لائبریری از جگر مراد آبادی روڈ
جون کے پہلے مجموعے شاید کو ہمارے ہاتھ لگے تو پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی اور بہت سارا وقت گزر گیاتھا۔ کراچی کی دلربا شاموں میں ایک کالجیٹ رومانویت کی مسیں ابھی بھیگنا شروع ہی ہوئی تھیں۔ کیا بام پر آئے دن تھے کہ جون کی منہ زور رباعیوں سے صحنِ چمن میں آگ ہی لگ جایا کرتی تھی
شرم، دہشت، جھجھک، پریشانی
ناز سے کام کیوں نہیں لیتیں
آپ، وہ، جی، مگر، یہ سب کیا ہے
تم مرا نام کیوں نہیں لیتیں
ہم اور ہمارے بچپن کا دوست عارف ستار ، پرائمری سے کلاس فیلو، کیڈٹ کالج کا روم میٹ، یارِ غار ، رقیبِ رُوسیاہ اور نہ جانے کیا کیا کچھ۔ جن دنوں کا یہ ذکر ہے عارف اور میں آدمجی سائنس کالج کراچی میں گیارہویں کے پڑھاکو طالبعلم تھے۔ گرومندر کے سٹاپ پر واقع کالج سے تھوڑا دور ہی قائد کا مزار تھا جسکے وسیع وعریض لان ان دنوں بغل میں واقع اسلامیہ کالج کے لڑکے لڑکیوں کا المشہور ڈیٹنگ پوائنٹ تھے۔ صاحبو بھلے وقت تھے، موبائل فون ابھی سٹیٹس سمبل تھا اور ان میں کیمروں کا رواج تو بالکل بھی نہیں تھا کہ کوئی بھی ایرا غیرا نتھو خیرا اٹھائے پھرتا اور ہاتھ میں وڈیو بنانے کا انتظام تھامے ’سرِعام‘ دوسروں کی عزت اچھالتا پھرتا۔ کالج کے وہ لڑکے بالے جنہیں ڈیٹ مارنے کے لیے فریقِ ثانی کی سہولت میسر نہیں تھی دور ہی سے اِن میل ملاقاتوں پر حسرت کی نظر کرتے یا پاس سے گزرتے تھوڑا کھنگ شنگ کر ٹیم شیم پوچھ لیتے۔ عارف ستار عرف ستو بھائی اور ناچیز تو اس جوگے بھی نہیں تھے۔ ہم تو جب جب گرومندر سے کالج بنک کرکے مزارِ قائد کے حدود اربعہ میں پائے گئے تو بندر روڈ کے پار نمائش چورنگی کی قربت میں قائدِ اعظم اکادمی کی لائبریری میں ہی پائے گئے۔ ہاں مگر وہیں کہیں ایک لائبریری اور بھی تھی۔
مزارِقائد کے زیرِسایہ اسلامیہ کالج کے عین سامنے گلوب چورنگی سے ایک ذیلی سڑک جگرمرادآبادی روڈ کے نام سے بندرروڈ تک جاتی ہے۔ وہی
یہ عشق نہیں آساں اتنا ہی سمجھ لیجے
اک آگ کا دریا ہے اور ڈوب کے جانا ہے
والے جگر مراد آبادی۔ جگر کے نام سے موسوم اس پرسوز روڈ پر اسلامیہ کالج سے چند قدم کے فاصلے پر علامہ اقبال پبلک لائبریری تھی جو الحمدللہ آج بھی ہے۔ یہاں سے امی کے شناختی کارڈ کی ضمانت پر کتابیں مل جایا کرتی تھیں۔ آج یہ سوچ کر حیرت ہوتی ہے کہ کیا بھلا زمانہ تھا کہ لائبریری سے کتابیں مستعار لینے کے لیے اپنی شناخت گروی رکھوانی پڑتی تھی۔ ہمیں یاد پڑتا ہے کہ آدمجی کالج کے دو سالوں میں اماں کا شناختی کارڈ مستقل علامہ اقبال پبلک لائبریرین کی میز کی دراز میں مقفل رہا۔ اردو ادب سے ہماری آنکھ مچولی کی ابتدا امی کی شناختی دستاویز کی مرہون منت ہے۔ لائبریری کے رجسٹر میں سن ترانوے کے دنوں میں امی کی شناختی دستاویز پر فیض کی نسخہ ہائے وفا اور جون ایلیا کی شاید کا اندراج آج بھی ہوگا۔
’گلشن‘ کے آوارگانِ شام
پھر اپنے سٹیل ہی ٹاؤن کے ہمسائے میں گلشنِ حدید کا شہرِ آشوب تھا، جہاں شام کو تقی سر کے کوچنگ سنٹر کے بعد یاروں کی چوسر سرٍ بازار رنگ کھیلتی تھی۔کورس کی کتابوں کو بغل میں دبائے ان کے سرِ ورق پر کبھی نسخۂ ہائے وفا کبھی شاید سجی ہوتیں۔ کچھ دوسروں کو دکھانے کے لیے اور کچھ یاروں کی ٹولی میں ایک دوسرے کو پڑھ کر سنانے کے لیے۔ جہاں فیض کی نظموں میں ایک نغمگی ایک دھیمی لے کا سرور تھا وہیں جون کے شعروں میں بے ساختگی تھی، بے باکی تھی، صنفِ نازک کو مخاطب کرنے کا وہی انداز جیسے ہم یار دوست ابے تبے کرکے بات کیا کرتے تھے
بوئے خوش ہو دمک رہی ہو تم
رنگ ہو اور مہک رہی ہو تم
بوئے خوش! خود کو روبرو تو کرو
رنگ ! تم مجھ سے گفتگو تو کرو
یاروں کی رنگ کھیلتی اس چوسر میں سندھ کا ڈومیسائل رکھتے ستو بھائی ریاضی اور طبیعیات (مراداس سے میتھ اور فزکس ہیں) کے استادانہ حد تک وزرڈ تھے۔ شاعری میں مگر ان کی درک ہندوستانی لتا رفیع کے دوگانوں تک محدود تھی جن میں سے اکثر انہیں زبانی یاد تھے
اے دلربا، دل کی گلی، شہرِ وفا
ہم نے صنم کو خط لکھا ۔۔ خط میں لکھا
علی کوچنگ سنٹر والے تقی سر کے قابل شاگرد عارف ستار نے مکینیکل انجینیئر کی کل وقتی نوکری کے ساتھ ساتھ انجام کار گلشنِ حدید میں اپنے استاد کا گدی نشین ہونا تھا اور ’سرعارف‘ کی کوچنگ کا ڈنکا چاردانگ عالم میں بجنا تھا مگر اس میں ابھی دیر تھی۔ وقاص ہم سب میں واحد اہلِ زبان تھا اور دھان پان ہونے کے ساتھ ساتھ اس میں اہلِ زبان ہونے کے تمام گُن بدرجۂ اتم موجود تھے۔ ہمارے جڑانوالہ کی پنجابی کی ملاوٹ والے شعر و ادب کے ذوق کو ایک جیّد اور بیّن اہلِ زبان کی تائید درکار تھی اور وہ تائید اور سہارا وقاص تھا۔ چند برس کی دوری پر جب عین بام پر آئی اس بساطِ چہار درویش سے چوتھا درویش بوریا بستر گول کرکے کاکول سدھار جائے گا (اور ہمارا جام لینے کو بزم میں پانچواں خطیب ہاتھ بڑھا دے گا) تو وقاص ایک باقاعدگی و اہتمام سے ہمیں ادبی چاشنی سے مرصع اور عصرِ حاضر کے شعراء کے منتخب کلام سے سجے جو خطوط لکھے گا وہ ایک الگ داستان ہے۔ کبھی وقت ملا تو وہ بھی کہنی ہے۔ یاروں کی اس چوسر کا آخری دانہ، اپنی دھن میں رہتا ہوں، میں بھی اپنے جیسا ہوں کی کامِل تمثیل، پکے رنگ اور گھٹے بدن والا گلشن کے بلیئرڈ کلبوں کا بے تاج بادشاہ سید محمد فرحان اہلِ زبان تھا یا نہیں اس بارے میں وثوق سے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ ہاں مگر سسپنس کے صفحوں کی زینت بنتے محی الدین نواب کے دیوتا کے فرہاد علی تیمور کی سی مقناطیسی نظر رکھتا فرحان ایک قدآور ناقد ضرور تھا، کہ ہر ایرا غیرا ادب اس کی ناک کے نیچے نہیں بیٹھتا تھا۔ ان ادبی مچیٹوں میں اس کی رائے صاد ہوتی تھی۔ غالباً نویں جماعت میں ویک اینڈ گزار کر پاکستان سٹیل کیڈٹ کالج لوٹتے ہوئے فرحان نے شام کے دھندلکے میں ناک کی سیدھ میں موٹر سائیکل کالج کے جناتی گیٹ کے ساتھ لگتی دیوار میں دے ماری تھی کہ اچانک سے ’وژن بلیک آؤٹ‘ ہو گیا تھا۔ موٹر سائیکل کی پچھلی سواری کی پیشانی کے زخم پر چار ٹانکے آئے تھے۔ ہم اسوقت کے ڈرتے فرحان کی رائے سے اختلاف نہیں کرتے تھے مبادا کسی ناگہانی بلیک آؤٹ کے نتیجے میں اسے ناک کی سیدھ میں بیٹھے یار دکھائی دینا بند ہوجائیں۔ ہمیں ٹانکے لگوانے سے ڈر لگتا تھا۔ گلشنِ حدید کی شاموں میں چراغ جلے، گیارہویں کی ادق ریاضی کی شرح کی مشقوں سے گھائل، سر تقی کے کوچنگ سینٹر سے باہر نکلتی یاروں کی یہ مختلف النوع ٹولی تاش کے بٹتے پتوں میں رنگ کی بازیاں کھیلنے بیٹھتی تو اس بساط پر جب جب اپنے جون ایلیا کی شاید کا مہورت ہوتا ہوگا آپ خود اندازہ لگا لیجیے کہ کیا عالم ہوتا ہوگا۔
رقص ہے رنگ پر رنگ ہم رقص ہیں
سب بچھڑ جائیں گے سب بکھر جائیں گے
یہ خراباتیانِ خرد باختہ
صبح ہوتے ہی سب کام پر جائیں گے
کتنی دل کش ہو تم کتنا دل جو ہوں میں
کیا ستم ہے کہ ہم لوگ مر جائیں گے
نئی آگ کا عہد نامہ
محترمہ زاہدہ حنا (گرہستی زندگی کے ناخوشگوار اختتام کو پسِ پشت ڈال) کھلے دل سے اعتراف کرتی ہیں کہ ’جون صاحب‘ ایک بڑے اور اعلیٰ پائے کے شاعر تھے، مگر ان کا غصہ انہیں کتھارسس سے محروم رکھتا تھا۔ مگر صاحبو، زاہدہ تو یہ بھی کہتی ہیں کہ جون اصل میں تو نظم کے شاعر تھے جنہیں رفتہ رفتہ ان کے (یعنی جون کے) کم علم و کم ظرف حواریوں کی صحبت اور سستی شہرت کی چاہ کے لازمی نتیجے میں انجامِ کار غزل نے بقول شخصے ’ہائی جیک‘ کرلیا تھا
کیا اسقدر حقیر تھا اس قوم کا وقار
ہر شہر تم سے پوچھ رہا ہے جواب دو
جو صرفِ گلستاں نہ ہوا رائگاں گیا
اس خونِ شاہدانِ وفا کا حساب دو
ملت کے احترام کو رسوا کیا گیا
پر حوصلہ عوام کو رسوا کیا گیا
اے غازیو جہاد کی توہین کی گئی
اے شاعرو کلام کو رسوا کیا گیا
سقوطِ ڈھاکہ کے المناک سانحے کی رات عبیداللہ علیم کی تحریک پر جون نے ایک نظم کہی تھی’استفسار‘۔ اوپر تحریر کی گئی سطور اسی نظم سے عبارت ہیں۔ اس سوگواری میں بھی ایک بانکپن ہے، ایک جھنجھوڑتا ہوا استفہامیہ انداز ہے، لہجے کی کاٹ لیے جہاد کی توہین اور خونِ شاہدانِ وفا کی بے توقیری کا گلہ ہے۔ اس انکشاف نما اعتراف کے بعد کہ جون اگر آج زندہ ہوتے تو ایسی نظم لکھنے کی پاداش میں گمشدہ افراد کی فہرست میں شامل ہوچکے ہوتے، صاحبو،اسقدر مربوط آہنگ! اسقدر جاندار لہجہ! اسقدر رزمیہ طرزِ تکلم! ہر چیز جون کی قادرالکلامی اور بے ساختگی کی چغلی کھارہی ہے۔ حیرت ہوتی ہے کہ اتنی اچھی نظم کہنے والے نے نظم کو ایسا چھوڑا کہ پلٹ کر خبر بھی نہ لی۔ گئے وقتوں سے اس کی کچھ گمشدہ کڑیاں ہمارے لیے زاہدہ حنا لاتی ہیں۔ انہیں یاد ہے کہ ’نئی آگ کا عہدنامہ‘ کی پہلی لوح انہوں نے غالباً 1963 میں جون سے سنی تھی اور مبہوت ہوگئی تھیں۔ یہ عنوان تھا جون کی ایک طویل نظم کا جسے انہوں نے ابواب کی طرز پر الواح میں بانٹ رکھا تھا۔ اب زاہدہ تو یہ کہتی ہیں کہ شاہنامۂ فردوسی کو پیشرو گردانتے ہوئے جون شیخی بگھارتے تھے کہ ’نئی آگ کا عہدنامہ‘ کم و بیش پچاس ہزار سطور پر مشتمل تو ہوگا۔ فردوسی کے شاہنامے سے مماثلت پر تو ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ہاں، اس نظم کو پڑھ کر عہد نامہ عتیق و جدید کی یاد آتی ہے اور حیرت ہوتی ہے کہ مذاہبِ عالم و تاریخِ انسانی پر جون کی گرفت کتنی مضبوط تھی۔ صاحبو، موضوع و مماثلت کی بحث سے قطعِ نظر اس نظم کی ہر لوح میں جون کی منظوم نثر کا جادو سر چڑھ کر بولتا ہے۔
میں ایک سنگیں مجسمہ ہوں جسے بنا کر، جسے خیاباں میں نصب کرکے
مجسمہ ساز اور معمار اپنا روزینہ پا چکے ہیں
میں ایک سنگیں مجسمہ ہوں
جو دھند کی طیلسان اوڑھے ہوئے ہیولوں کو تک رہا ہے
یہ سطریں اقتباس ہیں ’نئی آگ کا عہدنامہ‘ کی ایک لوح، ’لوحِ دائرہ‘ سے۔ جون کی یہ نامکمل (اور اس کی وجہ ابھی آگے آئے گی) نظم ان کے جانے کے بعد خالد احمد انصاری نے ٹکڑے ٹکڑے جوڑ، ادھر اُدھر بکھری الواح کو جمع کرکے ’راموز‘ کے نام سے شائع کروائی، کہ جون نے اپنی زندگی ہی میں نظم کا عنوان نئی آگ کا عہدنامہ سے ’راموز‘ میں بدل دیا تھا۔ صاحبو کیا نظم ہوگی کہ جس کے پیش لفظ میں ہی جون کے مربی و مشتاق، ہم نفس و ہم مشرب، ہم نوالہ و ہم پیالہ، کچھ بھی کہہ لیجیے، اسد محمد خاں یہ لکھ کر راموز کی تعریف و توصیف، تحسین و آفرین، غرض کہ مدح و ثناء کی ساری بساط لپیٹ لے گئے ہیں۔
پگڑی کی طرح اپنے سر سے ہرے ہرے نرم کانٹوں کا دائرہ لپیٹے، سوکھے بدن پر ارغوانی رنگ کا ٹاٹ اوڑھے، پیروں سے مُونجھ کی سینڈلیں باندھے، بالسا وُڈ (balsa wood) کی لمبی صلیب گھسیٹتا ہوا اب جو وہ اپنے گھر سے نکلا ہے تو ایک ایک رفیق کے دروازے پر دستک دیتا چلا جائے گا کہ اے رفیق! ’الاسد‘، اپنے مکان سے باہر آ اور اے ’جاننے والے‘، کچھ قدم میرے ساتھ چل اور اے ’ایلی پاک دامن‘ اے کشادہ دل حبیب، میری پیشانی کو بوسہ دے اور اے ’جانِ برادر‘ الوداع کہہ اور واویلا کر کہ میں اپنی صلیب اُٹھائے اپنے مقتل کو جاتا ہوں۔
مقتل کو جاتے ‘یوحنا ایلیاہ’ کی مصاحبی میں دیکھیے تو کون کون ہے۔ اسد محمد خاں، عبیداللہ علیم، کنور اطہرعلی خان اطہر نفیس اور جانِ برادر کہہ کر مخاطب کیے گئے جون کے برادرِ بزرگوار سید محمد عباس۔
تو پھر ایسا کیا ہوا کہ یہ نظم اور جون کی نظم کہنے کی تحریک دونوں طاقِ نسیاں ہوگئیں۔ زاہدہ حنا کے شبدوں میں شراب کی نہروں میں ڈوب گئیں اور سلفے کی لاٹ میں جل بجھیں۔ بغیرکوئی لگی لپٹی رکھے ان کا کہنا ہے کہ مشاعروں کی سستی مقبولیت کی چاہ، کچھ حسیناؤں کے آٹو گراف کاسرور، اور پھر جون کے حلقۂ احباب میں وہ درباری قسم کے نوجوان در آئے جو ان کوٹوکنا اور اصلاح تو درکنار ان کی ہر بات ہر شعر پر مکرر ارشادکی تکرار میں سر دھنا کیے۔ ہم سے پوچھیں تو کل کے جون ایلیا کو آج کی دنیا کے زریونوں اور حافیوں نے تباہ کردیا۔ جون تو اچھے وقتوں میں رخصت ہوئے مگر کل کے یہ تھڑدلے درباری جو شاعروں کی مصاحبی میں ہاں میں ہاں ملاتے اساتذہ کی جوتیاں سیدھی کرنے کے بھی لائق نہیں تھے ان کا ایسا ہیاؤ کھلا کہ اب وہ خود شعر کہتے ہیں اور پبلک سر دھنتی ہے۔ دیکھیے کوُڑ لوگوں اور اتائیوں کے ذکر میں بات بے بات ہوگئی۔ تو صاحبو، لوحِ کتاب، لوحِ رجز، لوحِ آمد، لوحِ خطاب، مکاشفہ، لوحِ دائرہ اور یہ فہرست چلتی چلی جاتی ہے، اوائلِ شعر گوئی میں مرتب کی گئی ان الواح کو جون کی مشاعرانہ غزل کی بے اعتنائی چاٹ گئی۔ کہاں کا شاہنامہ اور کہاں کی پچاس ہزار سطریں، کاغذ کے ان ٹکڑوں کو جون نے داخلِ دفتر کیا تو پلٹ کر نہ دیکھا۔ عدم آباد کو رخصت ہوتے کفن کے دامن سے مانندِ مشتِ خاکِ جگر اور ایک الٹائے گئے ساغر سے بقدرِ خونِ حسرتِ مے جو کچھ دستیاب ہو پایا وہ خالد انصاری نے راموز میں ڈھال دیا۔ اب راموز پڑھنے والے سوچتے پھرتے ہیں کہ وہ جون کو کتنا جان پائے۔ آخر اس فانی عمر کے مہ وسال کے گوشوارے میں کوئی کسی کو کتنا جان پاتا ہے۔۔۔
اس سے کہہ دو کہ اپنے نہ ہونے کا اعلان کردے
کہ اس کے گماں سے
شرابوں میں پانی ملا کر دیا جارہا ہے اور اس جُز رسی کے سہارے
کلیساؤں اور مسجدوں، مندروں، خانقاہوں کی آرائشوں کے
وظیفے بندھے ہیں
عبیدہ کمپنی میں انشائیہ
یہاں ہماری کہانی میں ایک تیسری لابئریری در آتی ہے۔ ٹوبے کیمپ ایبٹ آباد میں واقع تھرڈ پاک المعروف جراسک پارک کے بٹالین روڈ پر داہنے ہاتھ کے رخ کھڑی لائبریری کے اردو ادب کے ریک پر سلیقے سے سجی کتابوں کا ذخیرہ ہمارے برے وقتوں کا ساتھی تھا۔ گلشنِ حدید کے آوارگانِ شام کی یارباش نشتوں کی گرمجوشی کاکول کی کٹھور زمہریری آب وہوا کی نظر ہوگئی تھی۔ ملٹری اکیڈیمی کے ایک لامتناہی رگڑے میں جھلستے مانی کے یاروں کو ان موسموں کی کیا خبر ملتی کہ اس کے پاس خود اپنے لیے وقت کی شدید تنگی ہو چلی تھی۔ وہاں تھرڈ پاک کے ویرانے میں جہاں بٹالین روڈ عبیدہ پچانوے کی بارک کی طرف ایک چڑھائی چڑھتا تھا، داہنے ہاتھ کے رخ کھڑی لائبریری کے اردو کے ریک سے مستعار لی کتابیں بہت غنیمت تھیں۔ کاکول کی بے مہر شاموں میں کبھی جون کی شاید کے ورقوں، کبھی فیض کے نقشِ فریادی کے صفحوں، کبھی احمدفراز کی جاناں جاناں کے شبدوں کی درزوں سے مانی ایلس ان ونڈرلینڈ کے مانند سٹیل ٹاؤن و گلشنِ حدید کے گلی کوچوں میں گھومتا پھرتا کہ وہیں کہیں ایک چوکھٹ تھی جہاں کبھو کسی کی ایڑی سے دھوپ اڑاکرتی تھی اور وہیں کہیں قربت سے وہ حسین چوبارہ طلوع ہوتا تھا جس کی آغوش میں یاروں کی چوسر نے رنگ کی بساط بچھائی ہوتی۔
مگر پھر 1995 کے کاکول میں دو واقعات ہوئے۔ ایک تو سردیوں کی ٹرم شروع ہوتے ہی میجرجنرل رضوان قریشی پی ایم اے کمانڈانٹ کی کرسی پر فائز ہوگئے اور دوسرا نومبر کے مہینے میں عبیدہ کمپنی کے اینٹی روم میں اقبال ڈے کی تقریب منعقد ہوئی۔ جنرل صاحب ایک سخت گیر انفنٹیرین تھے اور اکیڈیمی کو (جو کہ پچھلے کمانڈانٹ جن کا تعلق رسالے سے تھا کے دور میں مینا بازار بن گئی تھا) واپس فوجی تڑکا لگانے آئے تھے۔ اکیڈیمی کا سکھلائی کا میڈیم انگریزی تھا ۔ فوج کے افسروں کی نئی کھیپ کا انگریزی زبان سے جھاکا نکالنے کے لیے ورنیکیولر (انگریزی کے علاوہ کسی اور زبان میں) بات چیت پر تو مڈھ قدیم سے پابندی تھی، جنرل صاحب کے دل میں نہ جانے کیا سمائی کہ آناً فاناً تمام لائبریریوں سے انگریزی کے علاوہ کسی اور زبان کی کتابوں کے اجراء پر بھی پابندی لگادی۔ یہ تھرڈ پاک کی اداس رتوں میں ہماری واحد عیاشی پر براہِ راست چوٹ تھی اور ہمیں کسی طور گوارا نہ تھی۔ اردو کی کتابوں کے ایشو رجسٹر مقفل درازوں میں منتقل ہوگئے تھے مگر کتابیں تو وہیں تھیں۔ لائبریری کے ہفتہ وار چکر میں کتابوں کے جھرمٹ میں گھومتے گھامتے ایک رسان سے کہ کسی کو گمان نہ ہو کہ کیا کرنے والے ہیں ہم نے اردو ریک سے نہ جانے کتنی کتابیں گریٹ کوٹ کی اندرونی جیبوں میں چھپا کے لائبریری سے ‘پار’ کیں۔ آج جو بیٹھ کر سوچتے ہیں کہ تو اس جرات پر حیرت ہوتی ہے کہ ایسی کسی اٹھائی گیر کارروائی میں اگر رنگے ہاتھوں پکڑے جاتے تو خراب کارکردگی کی پاداش میں ریلیگیشن تو پہلے بھگت رہے تھے، کتابیں چوری کرنے کے الزام میں اکیڈیمی سے ودڈرا ہوجاتے، یعنی بہت بے آبرو ہوکر نکالے جاتے۔ دیکھیے بات سے بات نکلی تو ہم بھی بے راہ روی کا شکار ہوگئے۔ تو صاحبو کاکول اکیڈیمی کی پہلی سردیوں کا ذکر ہے۔ عبیدہ کمپنی کے اینٹی روم میں اقبال ڈے کی تقریب تھی، جب انگریزی مقرروں کے بعد اردو میں اظہارِ خیال کی باری آئی تومقررین و سامعین میں ایک جھجھک سی درآئی۔ پہلی ٹرم کا سبق دوبار ہ پڑھتے تھرڈ پاک لائبریری سے اردو کی کتابیں چراتے کیڈٹ سے اردو کی یہ سبکی برداشت نہ ہوئی، مائیک سنبھال ڈائس پرجوشِ تقریر میں ہم نے جو بھی کہا وہ شاعرِ مشرق سے متعلق تھا بھی یا نہیں یا اس کی تفصیل کیا تھی یہ تو اب یاد نہیں مگر کچھ ٹکڑے جو اس دل نے ایک عقیدت میں حفظ کررکھے تھے یادداشت میں آج بھی تازہ ہیں
شنید ہے کہ ہمارے معتبر بزرگوں نے ایک خواب دیکھا تھا۔ وہ خواب درست تھا یا نادرست، یہ ایک بے نتیجہ بحث کی بات ہے مگر بہرحال خواب دیکھا گیا تھا اور بڑی لگن سے دیکھا گیا تھا۔۔۔۔
کیا تم نے کبھی جو کے تخم سے گندم کو طلوع ہوتے دیکھا ہے؟ اندرائن کے پیڑ سے کیا کبھی انگور کے خوشےبھی توڑے گئے ہیں؟۔۔۔۔
تاخیر سے ہی سہی تمہاری ٹرینیں پلیٹ فارموں تک پہنچ تو جاتی ہیں۔ ذرائع نقل وحمل کو ایک سست روی میں ہی سہی حرکت کی آزادی تو میسر ہے!
بعد از تقریر سینیئر ٹرم کے ایک دو کیڈٹس نےحوصلہ افزائی کرتے ہوئے پوچھا کہ یہ سب کچھ تم نے خود لکھا ہے؟ انہیں کیا بتاتا کہ اردو دانی کے رعب میں لتھڑی یہ ترکیبیں جون کے انشائیوں سے مستعار لی گئی تھیں اور انہیں کیسے سمجھاتا کہ جون کے انشائیوں سے اس دل کا کیا رشتہ ہے کہ گلشنِ حدید جو ایک شہرِ آشوب تھا اس کی پگھلتی زرد رو شاموں میں آوارگانِ شام جبکہ وہ مل بیٹھتے تھے تو شاید کی غزلوں سے اُدھر جون ایلیا کی کاٹ دار نثر میں ان کے انشائیے ہی ہمارا اوڑھنا بچھونا ہوتے تھے۔ سسپنس ڈائجسٹ سے ہمارا ماہانہ یارانہ رہا تھااور اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ سسپنس کا آغازہی جون کے یک صفحی انشائیے سے ہوتا تھا۔ اور صاحبو تغزل کی قافیہ و ردیف کی پیمائشوں سے اُدھر ایک اسلوب میں نثر لکھنے کو بھی تو خونِ جگر چاہیے۔بقلم شکیل عادل زادہ، جون بھی تو یہی کہا کرتے تھے، ” نثر کاری میں بڑی حجت کرنی پڑتی ہے، یہ شاعری نہیں کہ چلتے پھرتے،اٹھتے بیٹھتے ہر حال میں سرزد ہوجائے”۔ ہمارے آپ کے اور سب رنگ کےشکیل عادل زادہ کا کہنا ہے کہ جون ایلیا میں تھوڑا ڈرامہ بھی تھا مگر جون صاحب ایک بہت عمدہ فقرے باز تھے، مجاز کے پائے کے فقرہ چست کرنے والے۔ اور پھر بازی گر تخلیق کرنے والے کا قلم جوش میں آتا ہے تو لکھتا چلا جاتا ہے۔
کچھ ایسا ہے کہ ایک آدمی، بہ ظاہر ایک نظر آنے والا ایک آدمی نہیں ہوتاکہ وہ مستقلاً ایک حال میں نہیں ہوتا۔ بیک وقت کئی آدمی اس کے ہاں نہاں ہوتے ہیں اور عیاں بھی ہوتے رہتے ہیں۔ جون ایلیا تو نہ جانے کتنے آدمیوں کا مجموعہ تھے۔ میں نے اس بے شمار آدمی کے ساتھ کوئی تیرہ برس کے صبح و شام گزارے ہیں۔ اور میں کیا جو ان سے بہت قریب رہے ہیں، کچھ وہی جانتے ہیں کہ یوں ایک شائستہ، نفیس طبع اور پرسکون شخص اپنے کمزور جثے میں کیسا سمندر اور کیسی آگ لیے پھرتا تھا۔
تو صاحبو، تفصیل اس اجمال کی یوں ہے کہ انیس سو اٹھاون کے فروری میں کراچی سے ایک ماہنامہ پرچے ’انشأ‘ کا اجرا ہوا جس کے مرتبین میں دو امروہوی برادران، بھائی بچھن (جون کے بڑے بھائی سید محمد عباس) اور جون ایلیا خود تھے۔ ان میں تیسرے شکیل عادل زادہ تھے جن سے روایت ہے کہ اس پرچے کا اداریہ لکھنے کی ذمہ داری جون ایلیا کو سونپی گئی۔ یہ جون کی معلوم زندگی کا پہلا اداریہ تھا۔ پرچے کے نام کی مناسبت سے اس اداریے کو انشائیے کا عنوان دیا گیا۔ یہ ہمارے آپ کے جون ایلیا کے انشائیوں کی ابتدا تھی، جو بعد ازاں ایک تواتر سے عالمی ڈائجسٹ اور پھر اللہ ان سے جنتوں میں راضی ہو، معراج رسول کی ذاتی کاوش سے جون صاحب کی وفات تک باقاعدگی سے ماہنامہ سسپنس ڈائجسٹ کا حصہ بنتے رہے۔ اور صاحبو جون کے انشائیوں کا لطف اٹھانے کے لیے ’فرنود‘ کے صفحے کھنگالیے جو ایک عرق ریزی سے خالد انصاری نے مرتب کردی ہے۔ یہ منفرد نام ’فرنود‘ جون ایلیا نے اپنی زندگی میں ہی مستقبل بعید میں چھپنے والے اپنے انشائیوں کے مجموعے کو دان کردیا تھا۔ ہم تو نمونے کے طور پر سسپنس ڈائجسٹ کے اکتوبر 1993 کے شمارے میں چھپے انشائیے سے ایک ٹکڑا اپنے پڑھنے والوں کو عنایت کرے دیتے ہیں۔
میں ابھی دکن ہی میں ہوں، اردو ادب کی قدیم ترین سرزمین میں۔ میاں مجھے اور آپ کو شاید اپنی بدذوقی کے باعث کم ہی شعر پسند آتے ہیں۔ ہمیں ایک غزل بے طرح پسند ہے، بے طرح۔ یہ قاتل اور کافر غزل اسی سرزمین میں کہی گئی تھی، ارشاد فرمائی گئی تھی، ایجاد فرمائی گئی تھی۔ اس قاتل اور کافر غزل کا قاتل اور کافر مطلع یہ ہے
خبرِ تحیّرِ عشق سُن نہ جنوں رہا نہ پری رہی
نہ تو تُو رہا نہ تو میں رہا جو رہی سو بے خبری رہی
جانی جاناں! اگر شاعری کا کوئی پارکھ آپ کے شعری ذوق کا امتحان لے یا دوسرے لفظوں میں خود اپنے آپ کو امتحان میں ڈالے اور آپ سے یہ پوچھے کہ اس عہد کی پوری شاعری یعنی تمام غزلیات اور سراج اورنگ آبادی کے اس شعر میں آپ کسے جمالیاتی، تخلیقی اور کیفی اعتبار سے زیادہ قیمتی سرمایہ قرار دیں گے؟ یہ تو ہوا مطلع ۔ اب ایک قیامت خیز شعر سُنیں
چلی سمتِ غیب سے اک ہوا کہ چمن سُرور کا جل گیا
مگر ایک شاخِ نہالِ غم جسے دل کہیں سو ہری رہی
ہمارے اس دور کا کوئی بھی ایسا شاعر نہیں ہے جس نے اس شعر کے ٹخنوں کے برابر کا بھی شعر کہا ہو۔ فلاں؟ ہشت۔ فلاں؟ ہشت۔ فلاں؟ ہشت۔
تو ہے یوں کہ ‘خبرِ تحیّرِ عشق سُن’ اور میں سُن رہا ہوں اور اپنی ذات کے آتش دان میں جل بھُن رہا ہوں۔
جون کی انشاء نویسی کی ایک جھلک دکھا کر بہت مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اس بحث کو شکیل عادل زادہ کے الفاظ کے پہناوے میں ہی سمیٹ لیا جائے۔ آخر کوتحریر کے اس ٹکڑے کا آغاز بھی تو انہی کی زبانی ہوا تھا۔
اردگرد کوئی نظر نہیں آتا جس نے جون ایلیا کے زمانے میں اوراُن کے جانے کے بعد اُن جیسے انشائیے تخلیق کیے ہوں۔ کوئی ہو تو جون ایلیا کے نیازمند اُس قیصرِ قلم، خسروِ سخن کی بارگاہ میں باریابی اور بندگی کے لیے مضطرب ہیں۔
وما علینا الاالبلاغ
صاحبو، مرادآباد ضلعے کی تحصیل امروہہ جسے اپنے عادل زادہ ’سرزمینِ سبزہ وگُل، شہرِ دل براں، مردم آمیز و مردم خیز ‘ بتاتے ہیں اور جون کا قلم جب امروہے کو یاد کرتا ہے تو صفحۂ بیاض پر بصد غرور کلکِ گوہریں پھرتی چلی جاتی ہے، ’وہ خوابوں اور خیالوں کا شہر تھا۔ مصحفی کی نوجوانی اسی شعر انگیز شہر کی گلیوں سے گنگناتی ہوئی گزرا کرتی تھی۔ میں اتر پردیش (یوپی) کے اسی مردم خیز شہر امروہے میں پیدا ہوا۔ اس شہر کا تقریباً ہر چوتھا آدمی اگر جم تم شاعر نہیں تو تُک بند ضرور تھا ‘۔ جون امروہے کا پانچواں آدمی تھا، جس نے ایک ’منہ پھیر کر کیے جانے والے عشق‘ اور مشاعروں کو لوٹ لینے والی غزلوں سے پرے جب نظم لکھی تو ایک بانکپن میں لکھی، اپنے عہد کے نامور نظم نگاروں کے قد کی برابری میں لکھی اور جب نثر کی طرف توجہ کی تو ایک منفرد پیرائے ایک نئے اسلوب انشائیے کا جنم ہوا۔ اگر آج بھی جون کی آواز کانوں کو بھلی لگتی ہے اور اس کے لفظ دل کے تاروں پہ ویسا ہی کاری وار کرتے ہیں تو جان لینا چاہیے کہ جون ہر زمانے کا شاعر ہے، اس سدابہار ہستی کی یاد کو زوال نہیں۔ مگر جب آج میں یہ تحریر لکھ رہا ہوں تو سوچتا ہوں کہ نئی پود کو بھاتی سوشل میڈیا پر وائرل ہوتی سہلِ ممتنع کے پھیر میں آئی جون سے منسوب اصلی اور نقلی غزلوں اور اشعار سے اُدھر،ہم نظم اور انشائیوں کے خالق جون ایلیا کو کتنا جان پائے؟ آخر اس فانی عمر کے مہ وسال کے گوشوارے میں کوئی کسی کو کتنا جان پاتا ہے۔۔۔

پسِ تحریر
اس داستانِ کج بیان کا اختتامیہ لکھا تو یاد آیا کہ کچھ نازنین، سلمائے سمن اندام فسانے تو رہے جاتے ہیں، لگے ہاتھوں ایک شتابی میں وہ بھی سُنتے جائیے۔ شنید ہے کہ خاصے کی چیز ایک مجموعہ ہے جو ایڈٹ ہو رکھا ہے۔ یہ ڈھکی چھپی بات نہیں کہ جون ایلیا کی زاہدہ حنا سے شادی جون کی انسیت اور زاہدہ آپا کی رضامندی سے طے ہوئی تھی اور بعد ازاں ایک ناخوشگوار علیحدگی بھی ایک اظہر من الشمس وقوعہ ہے۔ اب یہاں شکیل عادل زادہ تو یہ کہتے ہیں کہ شادی شدہ زندگی کسی کی بھی کامیاب نہیں ہوتی۔ دنیا میں ہر شادی غلط ہوئی ہے۔ پسند والی بات اپنی جگہ مگر جون صاحب کی شادی بھی دنیا میں ہوئی باقی شادیوں کی طرح ایک غلط شادی تھی۔ مگر جون کی انسیت اور زاہدہ حناکی آمادگی کے دنوں میں جو دونوں میں خط و کتابت ہوئی ہے وہ پڑھنے کی چیز ہے۔ نقلِ عادل زادہ، عادل زادہ باشد، ’وہ کتاب محفوظ ہے، لوگوں نے ایڈٹ کرکے رکھی ہوئی ہے۔ لیکن کچھ ایسے معاملات ہیں اس میں جو مناسب نہیں ہیں‘۔ دیکھیے کب وہ وقت آتا ہے کہ وہ چھپتی ہے اور مشتاقانِ جون ایلیا کو سیراب کرتی ہے۔ دیکھیے ۔۔۔
گذشتہ برس وطن واپس جانا ہوا تو گلشن کے آوارگانِ شام کے اجڑے چوباروں سے اُدھر ایک گلی کی دید کی چاہ کشاں کشاں سٹیل ٹاؤن بھی کھینچ لے گئی۔ اس شام گلزارِ مدینہ مسجد میں مغرب کی نماز پڑھ کر جو اس راہ ہوا تو سُن رکھا تھا کہ جہاں کسی کی ایڑی سے کبھی دھوپ اڑا کرتی تھی وہاں اب شام کا بسیرا ہے، اب دیکھ بھی لیا۔ کبھی سٹیل مِل کے اہلِ نظر نے جو تازہ بستیاں آباد کی تھیں، بلاسٹ فرنس ٹھنڈی پڑی تو بستیوں میں جلتے چراغ اور گھروں میں جلتے چولہے بھی بجھ گئے۔ مگر صاحبو، ایک کھنڈر ہی سہی، وہ گلی تو ابھی بھی وہیں ہے اور وہ چوکھٹ بھی سر نیہوڑائے وہیں پڑی ہے
دیکھنے کی تو کسے تاب ہے لیکن اب تک
جب بھی اس راہ سے گزرو تو کسی دکھ کی کسک
ٹوکتی ہے کہ وہ دروازہ کھلا ہے اب بھی
اور اس صحن میں ہر سُو یونہی پہلے کی طرح
فرشِ نومیدیِ دیدار ۔۔۔۔۔۔ الخ

