ٽڙي پوندا ٽارئين، جڏهن ڳاڙها گُل



کوٹری کی پگھلتی شام کا سرخ سنہری روغن
دریا کے مٹیالے سے پانی میں ڈھل جاتا
تب سندھو کنارے
وہ مجھے ملنے آیا کرتی



رات کچھ کچھ بھیگ چلی تھی۔مفتی جی کے شبدوں میں سمے سے باہر نکلنے کا وقت ہو چلا تھا۔ جیسے آپی سنہرے کو کہا کرتی تھی کہ ہر سمے کا اپنا رنگ ہوتا ہے ۔
’اپنا سمے پہچان سنہرے۔ اپنے سمے سے باہر نہ نکل۔ جو نکلی تو بھٹک جائے گی‘۔
تو لندن انٹاریو کی اس بھیگ چلی رات میں سمے بدل رہا تھا جب اکتارے کی کھنچی ،سُر کی ہوئی تیکھی تار جیسی آواز سے رنگ پچکاری چلی اور سب کچھ بھگو گئی۔ نیٹ فلکس پر عاصم عباسی کی بنائی فلم کیک لگ بھگ آخری دموں پر تھی۔ وہیں جہاں ایک سالخوردہ ماضی کی ممنوعہ پراسرار پرتوں سے پرانے راز کھُل جانے کے بعد، اور ایک کومے کی ہموار سانسوں میں لپٹی آخری دموں کو پلٹتی ماں کو الوداع کہنے کے بعد، ایک جان کنی کے عالم میں بے سمت بھٹکنے والی اولاد ہے، سجناں باہجھ سُونی ہوجانے والی حویلی کے دریچوں میں ’می آوٗں‘ کی گونج دار ہوک میں زوال کی صدا دیتا، قالین پر اپنے بدنما پاوٗں پٹک کر دھرتا سفید مور ہے، اور پھر ایک کہر بار ماضی کے منظر کو پلٹتی ایک اکیلی سڑک اور اپنے کیے کے تاوان کا طوق ’رومیو‘ کے گلے میں ڈالے گاڑی کے شیشوں سے باہر جھانکتی ’زارا‘ ، وہاں جہاں اب کچھ بچے کھیل رہے ہیں مگر قرنوں پہلے ایک کومل وجود ٹائروں تلے کچلا گیا تھا، عین اسی سمے اکتارے کی کھنچی سُر کی ہوئی تومبی جیسی تیکھی آواز بلند ہوتی ہے اور دلوں میں چھید کرتی چلی جاتی ہے۔

ٽڙي پوندا ٽارئين، جڏهن ڳاڙها گُل

کہیں تو یہ گیت پہلے بھی سُنا ہے، کہاں سُنا ہے؟

کچھ فلم کے آخری ٹیک کا ابال جیسے کہ سوڈے کی بوتل کھُل جائے اور کچھ ایک بہت قدیم بہت محبوب سندھ کی مٹھڑی بولی کی ایک موسیقانہ دھن کی کھینچ، میَں گھر سے باہر نکل آیا۔اوپر گریٹ وائٹ نارتھ کے جنوب مغربی انٹاریو کا شفاف آسمان تھا، چشمہٗ مہتاب سے دھل کے نکلی آخری دموں پر آئی رات تھی اور میرے دامن میں پرانی یادوں کی سندھو کنارے آباد ہالہ کی دو رنگی شوخ اجرک تھی، شوخ جھالر والےاکتارے کو ایک جذب کے عالم میں چھیڑتے علن فقیر کے پیروں کی خاک ایک فقیرانہ رلی۔
ہاں یاد آیا! یہ تو علن فقیر کی گائی شیخ ایاز کی کافی ہے جو پہلے پہل اس بچپن نے شاہ لطیف سکول آتے جاتے سٹیل ٹاوٗن کی گلیوں میں سنی تھی

ٽڙي پوندا ٽارئين،
جڏهن ڳاڙها گُل،
تڏهن ملنداسين

شاخوں پر پھوٹنے لگیں
جب جب سُرخ پھول
تب اے جاناں ہم تم ملیں گے


رات کے جگر کو چیرتی پورب کی سفیدی کی دودھاری تلوار نکلنے کو تھی۔ دو وقت گلے مِل رہے تھے۔ انٹاریو کا طلوع ہوتا شفاف دن دور کہیں آسمان پر شفق رنگ سمیٹے سندھو ندی کی ساگر لہروں میں گم مہران وادی کو پلٹ رہا تھا۔ سمے بیت گیا تھا اور مانی سمے سے باہر پاوٗں دھر چکا تھا۔
’جب سمے بیت جائے تو دھیرج پاوٗں دھرنا۔ ٹھمک نہ کرنا۔ ٹھمک کا سمے گیا۔ چمک نہ مارنا۔ چمک کا سمے گیا۔ پائل نہ جھنکارنا۔ پائل کی جھنکار بیرن بھئی۔‘

غالباً کیا یقیناً کچھ ایسا ہی عالم رہا ہوگا۔ دو وقت گلے مِل رہے ہوں گے، گلزار کے شبدوں میں شام کا پگھلا ہوا سرخ سنہری روغن مٹیالے سے پانی میں گھُلنے کو بے تاب ہوگا، جب کوٹری شہر میں سندھو کنارے کھڑی ’اڈیلا کوری‘ نے سمندر کی آغوش میں مدغم ہونے کے آلکس میں گم دریا کے سنہرے پانیوں کو دیکھنے کی غلطی کی اور سمے سے باہر پاوٗں دھرنے کے کارن دیوانی ہوئی۔

کوٹری میں دریا کنارے جب ڈوبتا سورج پانی کی پگ بوسیاں لے رہا ہو
اور پام کے درخت سنہرے پانیوں کی روانی میں جھومنے لگ جائیں
اور دریا کی لہروں میں سمندر کی آغوش میں گرنے سے پہلے کا ہیجان کروٹیں لینے لگے
ایسے میں کوٹری کے سندھو کنارے ، وہ مجھے ملنے آیا کرتی تھی

اڈیلا کوری جس کی شاعری نے لارنس ہوپ کے مردانہ قلمی نام سے شہرت پائی

اٹھارہ سو چھیاسی کا کراچی تھا، برِصغیر پر ملکہ ٹوریا کا راج تھا۔ کرنل آرتھر کوری سِول اینڈ ملٹری گزیٹ کے سندھ کے شمارے کے ایڈیٹر تھے۔ اڈیلا کوری انکی منجھلی بیٹی تھی، بیس بائیس برس کا سِن، طبیعت شاعرانہ اور سندھو دریا اور مہران کی وادی سے محبت۔ ایک گوری میم کا برطانوی نوآبادیاتی سلطنت کے تاج کے سب سے روشن ہیرے، انڈیا کی دھرتی سے عشق روایت سے ہٹ کر تھا اور اڈیلا بھی کوئی روایتی گوری میم نہ تھی۔ گوری تھی میم تو بالکل نہیں تھی اور جبکہ بائیس برس کا الہڑ سِن تھا تو کوٹری میں دریا کنارے سندھو کی محبت میں گرفتار ہوئی تھی۔ وہی کوٹری جس کے دریا کے پُل پر سے آتے جاتے جب پہلے پہل مانی کے دِل پر محبت کا پھندا لگا تو اپنے بچپن کے دن تھے۔

کوٹری میں تو کوئی خاص بات نہیں۔ مگر سٹیل ٹاوٗن کراچی کی مسطحاتی گلیوں اور سڑکوں میں پروان چڑھتا یہ بچپن جب جب گرمیوں کی چھٹیوں میں پنجاب کا رُخ کرتا تو لوٹتے سمے واپسی کے سفر میں سُپر ایکسپریس (یا پھر چناب ایکپریس) جب حیدرآباد جنکشن پر پل بھر کو ٹھہرتی تو دو وقت مِل رہے ہوتے، ڈھلتی رات کی سیاہی سپیدہٗ سحر میں ڈھل رہی ہوتی، سمے سے باہر نکلنے کا وقت ہوتا، جب گاڑی حیدرآباد کے پلیٹ فارم سے رینگتی باہر نکلتی تو رفتار پکڑنے کے بجائے ہلکورے لیتی چلتی کہ چند سو گز کی دوری پر کوٹری کا پُل آتا تھا۔ سندھ کے چوڑے ہوتے پاٹ پر ایک طویل پُل اس لیے بھی یاد ہے کہ جب گاڑی اس کے فولادی پنجرے میں سے گزرتی تو اکانومی کلاس کے ڈبوں کی کھڑکیوں سے دھڑا دھڑ گزرتے دیو ہیکل ستونوں کی ایک گڑگڑاہٹ دلوں پر دہشت طاری کردیتی تھی مگر ایک بچپن کے ہیجان میں ایک مشتاق دِل اور اسی قدر مشتاق نگاہیں کھڑکی سے لگ کر دور دریائے سندھ کے مٹیالے سنہرے پانی کا دیدار کرتیں۔ پُل گزرجاتا اور دریا بھی تو ایک موڑ کاٹتی ریلوے لائن پر سانپ کی مانند لہریئے کھاتے انجن اور اگلی بوگیوں کا منظر طلوع ہوتا اور پھر پٹڑیاں بدلنے کے دِل کو لبھاتے ساز اور بریک لگتے آہنی پہیوں کی آوازوں میں مدھم رفتار سے رینگتی ٹرین کوٹری کے پلیٹ فارم میں داخل ہوجاتی۔
کوٹری میں کوئی خاص بات نہ تھی، مگر گرمیوں کی چھٹیوں سے لوٹتے سٹیل ٹاوٗن کے گھر کو پلٹتے اس بچپن کےلیے کوٹری آخری پڑاوٗ تھا۔ حیدرآباد ریلوے سٹیشن پر جبکہ دو وقت مِلا کرتے تھے تو وہیں سمے سے باہر پاوٗں دھرتے مانی کو جبکہ ابھی وہ بچہ تھا ایک ریلوے جنکشن، ایک دریا اور ریلوے پُل سے محبت ہوگئی تھی، کوٹری سے محبت ہوگئی تھی، بالکل ویسے جیسا کہ اڈیلا کوری کو ہوئی تھی، دیوانی محبت ، کوٹری سے ، جبکہ ڈوبتا سورج دریا کے مٹیالے پانی میں گُھل گُھل جاتا ہو۔

وہ مدہوش جوان بدن، وہ ویران ہجر زدہ آنکھیں
ایسی روشن ایسی مدھم جیسے کوٹری کے آسمان پر دو وقت ملتے ہوں
گلنار ہوئے جاتے پھول سے عارض، گلاب کی پنکھڑیوں ایسے ہونٹ
آواز کا جادو، یوں جیسے خوشبو کے جزیروں پر بے تکان گاتی بلبل

دریائے سندھ، کوٹری کا پٗل اور ریل گاڑی۔ بچپن کی ایک یاد (یہ ویڈیو یوٹیوب سے لیا گیا)

مفتی جی کے سمے کے بندھن میں ایک نازک مقام تب آتا ہے جب خواجہ کی محفل میں سنہرے گارہی تھی اور کچھ جی توڑ کر گارہی تھی ’خواجہ پیا موری رنگ دو چنریا ، ایسی بھی رنگ دو رنگ نہ چھوٹے ، دھوبیا دھوئے جائے ساری عمریا‘ ،تب اسے ٹھاکر مِل گیا تھا۔ مِل کیا گیا، خواجہ نے اسے تن من دھن سے ٹھاکر کا کردیا۔
’مجھے کیا پتہ تھا اتنا دیالو ہے، اتنا نیڑے ہے، اتنے کان کھڑے رکھتاہے!‘
بالکل ویسے ہی، سندھ گزٹ کی ایڈیٹنگ میں ہاتھ بٹاتی، کراچی میں فریئیر ہال کی لائبریری سے جمخانہ کلب کو آتی جاتی اڈیلا کوری جبکہ وہ کسی آس کے دھیان میں حب کی پہاڑیوں کے پار ایک انجان، گمنام وادی کو دیکھتی،ایک ان دیکھے خمار میں گم ہوتی تھی، اسے کرنل نکلسن مِل گیا۔ کرنل میلکم ہیسلز نکلسن۔ مِل کیا گیا خواجہ پیا نے اڈیلا کوری کو تن من دھن سے کرنل کا کردیا اور وہ آن کی آن میں اڈیلا فلورنس نکلسن ہوگئی۔ نہ کوئی بینڈ باجا، نہ بارات، نہ جمخانہ کلب میں روایتی گوراصاحب شادی۔


سنو اڈیلا ڈارلنگ، تم نے کہاتھا کہ شادی کے لیے تمہیں کسی پیشگی نوٹس کی ضرورت نہیں۔ کیا واقعی ایسا ہے؟ اگر میں کہوں کل تو کیا یہ بہت جلدی ہوگا؟
کتنے بجے؟ اور کہاں؟


اور کراچی کے رجسٹرار آفس میں ایک آناً فاناً طے پائی ملاقات میں ساتھ جینے مرنے ، تندرستی و بیماری میں ساتھ نبھانے کے وعدے وعیدوں کے بیچ سرکاری کاغذوں پر دو دستخط۔ اور اڈیلا تن من دھن سے کرنل نکلسن کی ہوگئی، کچھ اس ادا سے کہ ہمارے کرنل نے اسکی شربتی آنکھوں کی نسبت سے وایولٹ نکلسن کا نام دیا جو اس کی محبوبہ نے تمام عمر اوڑھے رکھا۔

کرنل (بعدازاں لیفٹیننٹ جنرل) میلکم ہیسلز نکلسن

اڈیلاکوری، خود سے بڑے لگ بھگ دگنی عمر کے کرنل نکلسن کے لَڑ لگ وایولٹ نکلسن کیوں بنی، اس کی بہت سے توجیحات ہوسکتی ہیں۔ شاید وہ کراچی سے پرے حب کی پہاڑیوں کے اُس پار مغربی حد سے آگے کی ممنوعہ، انجان قبائلی سرزمین کو دیکھنے کا ہیجان تھا، یا کرنل کی چوڑی چھاتی پر جھلملاتے جوانمردی کے تغموں میں سے ایک افغان کیمپین کا میڈل تھا جس کے ربن پر احمد خیل کی مہم کا نام کندہ تھا، یا پھر بلوچی، پشتو، براہوی اور دیگر مقامی زبانوں پر عبور رکھتے کرنل کا اسی مٹی سے گندھا اور جڑا خمیر تھا (ہماری اڈیلاکوری بھی تو اردو دان تھی کہ مقامی لوگوں اور انکی بولیوں سے اسے بھی عشق تھا) ، یا پھر اس کی وجہ یہ رہی ہو کہ شادی کے وقت ہمارا کرنل حیدرآباد میں جان جیکب کی جیکب رائفلز، بلوچ رجمنٹ کی تیسری بٹالین ، تھری بلوچیز کی کمان کررہا تھا جو زوب فیلڈ فورس کا حصہ بننے جارہی تھی۔ کراچی کے ساحل پر پام کے درختوں کی قطار اور کوٹری کی شاموں میں سندھو دریا کی محبت میں ڈوب کر نظمیں کہنے والی کو ایک قبائلی مہم جوئی کی آڑ میں بلوچستان کے پیروں کی دعا لگنے والی تھی۔

نوبیاہتا جوڑے کا ابھی ہنی مون بھی پورا نہیں ہوا تھا کہ کرنل نکلسن کے تھری بلوچیز زوب فیلڈ فورس کا حصہ بن کر بلوچستان روانہ ہوئے۔ 1890 میں بلوچستان کے باغی قبائل کی سرکوبی کے لیے بھیجی گئی ایک مہم جو فیلڈ فورس میں ایک سیکشن کی کمان کرنل نکلسن کے پاس تھی۔ وایولٹ نکلسن کوٹری جنکشن سے رولنگ سٹاک کے ساتھ اس نیت سے چلی کہ ہرنائی کے آخری ریلوے سٹیشن پر کرنل کو وداع کرکے اردل میں ساتھ آئے سپاہی محمد اکرم کے ہمراہ واپس حیدرآباد کو پلٹ جائے گی۔ تو صاحبو ہوا کچھ یوں کہ جب ہرنائی سے سامان باندھ کرنل کے سیکشن کا بنجارہ لاد چلا تو ایک باہمی رضامندی سے طے پائے پلان کے مطابق ہماری وایولٹ نکلسن نے ایک پٹھان لڑکے کا سوانگ رچایا اور اپنے اردلی بلوچی سپاہی محمد اکرم کے بیٹے کے روپ میں گھوڑوں پر سوار یہ جوڑا زوب فیلڈ فورس کی پَیڑ میں نکل پڑا۔ اپوزئی میں کرنل کے سیکشن سے مڈبھیڑ اور ملاقات کے بعد، دانا سر، گُل کچ، خضدار اور اس سے کہیں آگے قندھار کے اناروں کی قربت میں کرنل اور وایولٹ نکلسن کی مہم جوئی کی یہ الگ داستان ہے جس کے لیے ایک الگ شام چاہیے۔ مختصراً یہ کہ میری ٹالبٹ کراس کے ناول کے مطابق اسی سال مئی میں جب لورالائی کی سرحدی چوکی کا کیمپ لگا تو اڈیلا کوری یعنی وایولٹ نکلسن نے کسی بھی یورپی خاتون سے زیادہ بلوچستان دیکھ لیا تھا، بلکہ ایک گوری میم نے کسی بھی مقامی بلوچی خاتون سے بھی زیادہ بلوچستان گردی کر لی تھی۔ اس دھرتی میں کچھ تو تھا کہ ہماری اڈیلا کو کہنا پڑا کہ بانٹنے والے اپنی جنتیں سنبھالیں، جب میں مرجاوٗں تو مجھے بلوچستان لے آنا۔

اڈیلا فلورنس نکلسن کی اپنی موت پر اسی دھرتی کو لوٹنے کی یہ خواہش پوری تو ہونی تھی مگر کسی اور رنگ میں۔

بلوچستان میں بتائے وقت میں ایک اڈیلا کا اپنی بڑی بہن کو دانا سر سے کراچی بھیجا پوسٹ کارڈ ہے، کرنل کے ساتھ قبیلوں قبیلوں گھومنے کے قصے ہیں، پہاڑوں کے تاروں بھرے آسمان تلے بھیگتی راتوں میں دہکتے الاوٗ کی کوکھ سے جنمی لوک کہانیاں اور گیت ہیں، اور اڈیلا یعنی ہماری وایولٹ کی کچھ نظمیں ہیں۔ تاجِ برطانیہ کی شمال مغربی حد کے ساتھ لگتے قبائلی علاقے کی سنگلاخ زمین، اس کے جفاکش لوگوں اور اسی قدر سخت کوش قبائلی رسموں کی الفت میں ڈوبی نظمیں۔ کہیں گومل کے کیمپ سے واپس لوٹتے ہوئے سنتری رحمت اللہ کو ایک اکیلی گور میں دفنا دینے کا مرثیہ ہے، یا جن رتوں میں قندھار کے باداموں کے درختوں پر گُل کھلتے ہیں وہیں کہیں اپنے جانی دشمن کو کھوج کے موت کے گھاٹ اتار دینےکی تمنا ہے، یا پھر وہ عشق کی چوٹ کھایا آفریدی جسکا قبائلی خون اپنی بے وفا محبوبہ کے دل میں خنجر ترازو کرکے اب اس کی پائنتی بیٹھنے پر آمادہ ہے کہ اس کے وارث آئیں اور ایک ناکام عاشق کا خون کرکے اپنا بدلہ پورا کریں

دھاناسر بلوچستان سے اڈیلا نے اپنی بہن ازابیلا کو کراچی ایک پوسٹ کارڈ بھیجا تھا جس کا متن میری ٹالبٹ کراس کی کتاب Fate Knows No Tears سے لیا گیا ہے۔ یہ تصویر اس متن پر کیے گئے آرائشی عمل کا نتیجہ ہے

یہ ہیں اور بھی بہت سی نظمیں ہیں، جنہیں کرنل کی تحریک پر ہماری اڈیلا نے لارنس ہوپ کے مردانہ قلمی نام سے ’ہندوستان سے درآمدہ محبت کی نظموں‘ کے عنوان سے چھپوایا۔ سندھو کنارے کوٹری سے محبت میں ڈوب جانے والی جواں سال گوری میم کا عشق سچا تھا کہ ہندوستان کے مقامی رنگوں ، یہاں کے لوگوں اور ان کی بولی میں رنگی اس نے بہت سی نظمیں کہیں اور اس کی ان نظموں نے نگار خانہٗ فرنگ میں بہت سوں کا دِل گھائل کیا۔

ایک ساعت ہے جبکہ دونوں وقت ملتے ہوں، ایک یاد کا بھاری پتھر ہے اور میں ہوں
اسی ایک ساعت میں پل بھر کو وہ پھول کھِلتا ہے، جس میں تمہاری زلف کی خوشبو ہے
(اور اگلے ہی پل میں جس کے مرجھا جانے کی دہشت سے یہ دِل ڈرتا ہے)

ایک محبت کی وحشت میں کہنے والی نے بہت نظمیں کہیں اور ان کی بھاری قیمت بھی ادا کی۔ ایک فرنگی میم کا مقامی دھرتی سے عشق کے رنگ میں رنگ جانا اس کے لیے جگ ہنسائی کا باعث بنا۔ اس کے ’اپنے لوگوں‘ نے اس کا مذاق اڑایا اور خوب اڑایا مگر وہ ہمارا موضوعِ سخن نہیں۔ کہنا ہم یہ چاہتے تھے کہ جیسی عشق میں بے خود سنہرے تھی ویسا ہی بے پرواہ ٹھاکر اسے مِلا۔ وایولٹ اور کرنل نکلسن دونوں نے ہندوستان کی اسی نوآبادیاتی دھرتی سے عشق کیا اور ٹوٹ کر کیا۔ اور پھر جیسا کہ ’آغا حشر کے ڈراموں میں منظر بدلتا ہے‘ یہاں بھی منظر بدلنے والا ہے۔ بوٹا اکھڑ نے والا ہے، اور ایک بیل ہے جو مٹی میں ملنے والی ہے، خواجہ سے سوال کرتی، پوچھتی ’بتا میرا جیون کِس کام آیا!‘
آج کے چِنائے اور گئے وقتوں کے مدراس میں جہاں شہر کی مشرقی حد بحرِ ہند کے ساحلوں کو مِلتی ہے وہیں ایک بل کھاتے لہردار دریائے کواُوم سے بنے ایک جزیرہ نما قطعے کی ہریاول میں سینٹ میری اینگلکن چرچ کا قدیمی قبرستان ہے۔ برٹش انڈیا کے ہر قبرستان کی طرح یہاں خودرو جھاڑیوں اور بیلوں اور زمین پر اگی ہریاول نے قبروں کے نشان اور کتبے چھپا دیے ہیں۔ ہم تو وہاں نہیں جا سکتے مگر جو ثابت قدم ایک کھوج کی لگن میں یہاں آنکلیں اور گورکن کی مٹھی گرم کرنے پر آمادہ ہوں تو ماضی آلود کائی اور بیلوں کی پرتوں سے ایک گور اور کتبے کا نشان برآمد ہوتا ہے ۔ یہاں ایک ہی گور میں لیفٹیننٹ جنرل میلکم نکلسن اور جنرل کی محبو ب بیوی اڈیلا فلورنس ابدی نیند سورہے ہیں۔
ریٹائر منٹ کے بعد جنرل نکلسن اور وایولٹ نکلسن مالابار ہِل میں مقیم تھے جب ایک روٹین کے سرجیکل پروسیجر کے لیے جنرل کا مدراس آنا ہوا۔ دورانِ سرجری کچھ پیچیدگیوں کے باعث میلکم ہیسلز نکلسن آپریشن ٹیبل پر ہی دم توڑ گئے۔ ایک اچانک اور انتہائی غیر متوقع سانحہ وایولٹ نکلسن کے لیے بہت بھاری صدمہ ثابت ہوا۔ اگست کی سات تاریخ کو آنکھیں بند کرنے والے جنرل کی وفات کو ابھی دو ماہ بھی پورے نہیں ہوئے تھے کہ ایک ڈیپریشن سے لڑتی اڈیلا فلورنس نے چار اکتوبر 1904 کو خودکشی کرلی۔ وایولٹ نکلسن کی عمر 39سال تھی۔ اپنی جواں مرگ سے پہلےاڈیلا فلورنس نے اپنی غیر مطبوعہ نظموں کے آخری مجموعے کا انتساب ٓانجہانی میلکم نکلسن کے نام کیا تھا جو اڈیلا کی وفات کے بعد Last Poems یعنی آخری نظموں کے عنوان سے شائع ہوا۔

صاحبو اپنے محبوب کی چاہت کے نام انتساب اس نظم کا ہماری کیا بساط کہ اردو ترجمہ کرنے کی کوشش کریں۔ یوں سمجھ لیجیے کہ ابتدائی دو بند تواپنے محبوب کی مدح میں پروین شاکر کے ان اشعار کا رنگ لیے ہوئے ہیں۔
تری چاہت کے بھیگے جنگلوں میں
مرا تن مور بن کر ناچتا ہے
مجھے ہر کیفیت میں کیوں نہ سمجھے
وہ میرے سب حوالے جانتا ہے
میں اس کی دسترس میں ہوں، مگر وہ
مجھے میری رضا سے مانگتا ہے


مگر آخری بند تک آتے آتے بات محسن نقوی کی نظم کتبہ تک جا پہنچتی ہے۔ وہی نظم کاکول اکیڈیمی کے دنوں میں ایک مصور کورس میٹ گل حسن نے جس کی ایک دلسوز تصویر بنائی تھی۔
زرد پتوں کے ڈھیر کی تہہ میں
میلے کاغذ چھپا گیا کوئی
جن پہ تازہ لہو سے لکھا ہے
روٹھ کر اس طرح نہ کرنا تھا
ہم نے ساتھ جینا مرنا تھا
جانِ من
تم نے بے وفائی کی
کیا کہیں حدِ صبر کس کی ہے
کس سے پوچھیں یہ قبر کس کی ہے

گئے وقتوں کے مدراس اور آج کے چنائے کے سینٹ میری گورستان میں جنرل نکلسن اور اڈیلا فرانسس عرف وایولٹ نکلسن کی قبر
جنرل میلکم نکلسن اور اس کی بیوی اڈیلا فرانسس یہاں پڑے سوتے ہیں ۔ 2017 میں کھینچی یہ تصویر چنائے کے ایک بلاگر سری رام وی نے مدراس ہیریٹیج ویب سائٹ پر اپلوڈ کی تھی

رخصت ہوتے سمے وایولٹ نکلسن راجہ گدھ کی سیمی شاہ ثابت ہوئی۔ شہرِ یار کی موم کی گلیوں میں بے دیار ہوجانے کا غم نہ سہار سکی۔ لارنس گارڈن میں ترت مراد کا مزار ہو یا سندھ ساگر سے مغرب کی دِشا میں پنھل کے کیچ مُلک سے پرے بلوچستان کے پہاڑوں میں دانا سر، گل کچ یا پھر لورالائی کی سرحدی چوکیاں، منتی دھاگوں کی سولی میں آس پرونے والوں کا مان ٹوٹ جائے تو گلبرگ کی سیمی شاہ ہو یا کراچی کی وایولٹ نکلسن یونہی چپ چاپ ایک عجلت میں نکل لیتے ہیں۔ جاتے سمے کوئی کمٹمنٹ بھی نہیں کرکے جاتے، اگلی ملاقات کا وعدہ، دوبارہ مِلنے کی کوئی آس، کوئی وزٹنگ کارڈ، کچھ پیچھے چھوڑ کر نہیں جاتے ۔
آج سے کئی قرنوں قبل، کوٹری کی خوش رنگ جوبن پر آئی شام ہماری اڈیلا کوری نے جب ایک محبت کی نظم کہی تھی تو اس میں واپس لوٹتے سمے کوٹری کے دریا کے کنارے نیند کرنے کا ذکر بھی تھا کہ ایک عشق کی حدت میں جلے عاشق اور محبوب کی خاک دریا کی لہروں میں سمندر برد ہو کر کہیں ٹھکانے تو لگے ۔

انٹاریو کی چشمہ مہتاب سے دُھل کے نکلی اُس رات جب میں زارا اور رومیو پر فلمایا کیک کا ساوٗنڈ ٹریک دیکھ کر باہر نکل آیا تھا، اور دور آسمان پر دو وقت آپس میں مِلتے تھے کچھ یوں کہ مانی سمے کے بندھن سے باہر پیر دھرتاتھا تو علن فقیر کی جگر میں چھید کرتی اکتارے کی تومبی سے مشابہ آواز میں شیخ ایاز کی وائی کے شبد ایک جھرنے کے مانند دِل پر اترتےاسے بھگوتے تھے۔ میں جو سندھ ساگر کی لہروں سے دُور بہت دُور تھا، دِن ڈھل جانے پر انجامِ کار مجھے سمندر میں گرتے انہی پانیوں کو پلٹنا تھا، اسوقت کہ جب سرُخ پھولوں کے کھلنے کا موسم ہو، جاناں سے پیہم وصال کرنے کو ۔ ۔ ۔

ٽڙي پوندا ٽارئين
جڏهن ڳاڙها گُل
تڏهن ملندا سين

شاخوں پر کھِل اُٹھیں گے
جب لال سُرخ پھول
تب اے جاناں ہم تم ملیں گے

جڏهن ورنديون ڪونجڙيون
هر هر ڪري هل
تڏهن ملندا سين

گھر کو لوٹتی کونجوں کی ڈار
جب پنکھ پھڑپھڑاتی ہلارے لیتی آئے گی
تب اے جاناں ہم تم ملیں گے

ڳلن ڳوڙها ٽمندا
جڏهن موتين ٽل
تڏهن ملندا سين

میری سیپ آنکھوں میں جھلملاتے پانی
جس دن موتیوں میں ڈھل جائیں گے
تب اے جاناں ہم تم ملیں گے

وڇوڙي جا ڏينهڙا
ڀورائي جي ڀل
تڏهن ملندا سين

ہجر وچھوڑے کے یہ کٹھن دن
جب ناسمجھی کی ایک بھول نگل جائے گی
تب اے جاناں ہم تم ملیں گے

اڈیلا کوری عرف وایولٹ نکلسن
If you like this story, create a buzz, share!
0 0 votes
Article Rating
Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Oldest
Newest Most Voted