لاہور کا آخری محاذ
شہیدوں کے لہو کی قسم، وہ اللہ اور اس کے رسول صلعم کو بہت ہی عزیز تھے جن کی لاشوں کو ہم نے اُن ہی کے مورچوں میں رکھ کر اوپر مٹی ڈال دی اور جن کی لاشیں ٹینکوں تلے کُچلی گئیں اور وہ پاک وطن کی مٹی میں مل کر مٹی ہوگئے۔ ہم ان کی لاشوں کو ایک نظر دیکھ بھی نہ سکے تھے۔ میں بھی اسی میدان میں لڑا تھا جہاں میرے دوست، میرے ہانڈی وال، میرے گرائیں نعرے لگاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ میر ا جو فخر تھا اسے وہ اپنے ساتھ قبروں میں لے گئے
گنجِ شہیداں کی نوگزی قبریں
عنایت اللہ التمش کے ساتھ سولہ پنجاب رجمنٹ کے ایک غازی کے ساتھ اوپر ہوئی گفتگو پڑھنے کے بعد میں جب جب بی آر بی نہر کے آگے گرینڈ ٹرنک روڈ کے شمال میں واقع گاوٗں دیال، لکھنکے اور ڈوگرئی سے گزرا مجھے یہی لگا جیسے کہ یہ ساری مٹی شہیدوں کے لہو سے سرخ ہے اور یہ ساری زمین ایک بڑا سا شہداء قبرستان ہی تو ہے کہ پینسٹھ کی جنگ میں انہی زمینوں میں گزرے زمانے کی چالیس پٹھان اور آج کی 16پنجاب رجمنٹ کے مورچے تھے جہاں اس کے غیور جوانوں نے لاہور کے محاذ کی آخری لڑائی لڑی تھی اور جو مٹی انہیں پیاری تھی اسی میں مِل کے مٹی ہوگئے تھے۔
اور پھر یوں ہوا کہ گوسل ۔ دیال کی زمینوں کی خاک چھانتے مانی کو لاہور ایئرپورٹ کے رن وے کے عین کونے پر واقع گنجِ شہیداں کا کھُرا مِلا تو وہ 16پنجاب رجمنٹ غازیانِ ڈوگرئی کے شہیدوں کی قبروں پر سلام کو حاضر ہوا۔ لاہور کی طلوع ہوتی پرنور سویر میں جب آپ اس گورستان میں داخل ہوں تو چمکتی کرنوں میں منعکس ہوتی وہ یادگار نظر پڑتی ہے جس کے نام پر اس قبرستان کو گنجِ شہیداں سے موسوم کیا جاتا ہے۔ ایک تین ستونی یادگار کے اوپر پیتل رنگی رائفل کی گولی ایستادہ ہے اور ہر ستون ان گنت شہداء کے ناموں کے غازے سے سُرخ ہے۔ یہ 16 پنجاب رجمنٹ، غازیانِ ڈوگرئی کے ان شہیدوں کی یادگار ہے جو بی آر بی کے محفوظ حصار سے پرے لاہور کے محاذ کی آخری جنگ ڈوگرئی میں ایک بے نیازانہ دلیری سے لڑتے ہوئے ایک بڑی تعداد میں کام آئے۔ 106 نام جو پاک فوج کی کسی بھی پلٹن کا کسی بھی معرکے میں ہوا سب سے بھاری جانی نقصان ہے۔ ابھی آپ دل کی آنکھ سے ان ناموں کو یادداشت میں اتار ہی رہے ہوتے ہیں کہ یادگاری ستون کے جلو میں قطار اندر قطار تین سے چار لمبی چوڑی قبریں نظر پڑتی ہیں۔ پہلی نظر میں تو گمان گزرتا ہے کہ باقی ضعیف العقیدہ قبرستانوں کی طرح آرمی گریویارڈ میں بھی نوگزے سو رہے ہیں۔ گنتی میں تین سے چار ان نوگزی قبروں کو مختصر چاردیواری اور ایک مشترکہ کتبہ ایک دوسرے سے الگ کرتا ہے۔ یوں گمان گزرتا ہے جیسے یہ قبریں نہ ہوں بلکہ دفاعی لائن میں کھودے گئے مورچے ہوں۔ مانی نے ایسا منظر پہلے بھی کہیں دیکھ رکھا تھا۔ کہاں، یہ یاد نہیں آرہا تھا۔ اور پھر اچانک یادداشت پر ایک پرانا منظر طلوع ہوا۔ چلیانوالہ کی Trench Graves (مورچہ قبریں)۔
دی ٹرنچ گریوز آف چلیانوالہ
گجرات سے مغرب کی سمت ڈنگہ سے جو سڑک رسول بیراج کو جاتی ہے چلیانوالہ کے قصبے نما گاوٗں سے گزرتی ہے جس کی زمینوں میں گوروں اور سکھوں کے درمیان دوسری بڑی جنگ لڑی گئی تھی۔ گاوٗں سے باہر ایک اونچے ٹبے پر اس جنگ کا یادگاری ستون کھڑا ہے جس کے پیچھے تین لمبی قطاروں میں ان انگریز فوجیوں کی اجتماعی قبریں ہیں جو دلیر سکھوں سے ایک خونخوار لڑائی لڑتے ہوئے میدانِ جنگ میں کھیت رہے۔ 1849 کے وسط جنوری کے اس سرد مگر روشن دن شیر سنگھ کے سکھ بے جگری سے لڑے۔ جنگ کی روداد لکھنے والے ایک لیکھک نے لکھا کہ سکھ ایک بے جگری اور خونخواری سے لڑے۔ وہ آگے بڑھتی ہوئی انگریز سپاہ کی سنگینوں میں پروئے گئے اور اس حالت میں ان پر کاری وار کیے جبکہ برچھیاں ان کے اپنے سینوں میں پیوست تھیں۔
پہلے دن کی لڑائی کے اختتام پر جہاں گوروں کا فیلڈ اسپتال تھا کٹی پھٹی حالت میں اتنی لاشیں جمع ہو چکی تھیں کہ ان کی انفرادی تدفین ممکن نہیں تھی۔ تین بڑی قطاروں میں لمبی مورچہ نما اجتماعی قبریں کھودیں گئیں جہاں ان سپاہیوں کی لاشوں کو اتار کر اوپر سے مٹی ڈال دی گئی۔ چلیانوالہ کی یادگار کے جلو میں سیمنٹ اور کچی مٹی سے ڈھکی یہ لمبوتری نوگزی قبریں ہمارے گورے سپاہیوں کی ٹرنچ گریوز ہیں۔ چلیانوالہ کے ٹبے کی یادگار سے ہٹ کر گاوٗں کے پار رسول کی طرف جاتے ہوئے راستے میں چاردیواری سے ڈھکی تین چھوٹی ڈھیریاں اور ہیں۔ یہ ہر میجسٹی کی 24ویں رجمنٹ آف فوٹ کے سپاہیوں کی قبریں ہیں جس نے سب سے زیادہ جانی نقصان اٹھایا۔ ایک خونریز جنگ کی باقیات ان لاشوں کو وہاں سے اُٹھانا ممکن نہ تھا سو وہیں جہاں انہوں نے آخری سانسیں لیں تھیں تین مختلف ڈھیریوں میں اکٹھا کرے تین مختلف اجتماعی قبروں میں سُلاد یا گیا۔ چلیانوالہ کی اس خون آشام جنگ میں ستر سے زیادہ گورے مارے گئے اور سکھوں کا نقصان بھی لگ بھگ اتنا ہی تھا۔ جہلم کے گھاٹ کے پاس جہاں سکھوں نے اپنے سورماوٗں کی چتا کو آگ دکھائی ہوگی اس شمشان کے آثار اب نہیں ملتے ۔
چلیانوالہ کی جنگ ہمارا آج کا موضوع نہیں ہے مگر اپنے قارئین کو دکھانا یہ مقصود تھا کہ جن زمینوں میں خون آشام جنگیں لڑی جائیں ان کی کوکھ سے نوگزی اجتماعی قبریں ہی جنم لیتی ہیں۔ لاہور کے گنجِ شہیداں کی اس سویر 16پنجاب کی نوگزی قبریں دیکھ کر مانی کو چلیانوالہ کی ٹرنچ گریوز یاد آئیں تھیں۔ تو صاحبو ڈوگرئی کی جنگ بھی یقیناً ایک خون آشام معرکہ رہا ہوگا کہ سب سے زیادہ جانی نقصان اٹھانے والی پلٹن کے شہیدوں کی انفرادی تدفین ممکن نہ رہی ہوگی اور انجامِ کار انہیں ایک دوسرے کے ساتھ مورچے نما اجتماعی قبروں میں سلانا پڑا تھا۔ ہمیں گنجِ شہیداں کی ان نوگزی قبروں کے کتبوں پر انفرادی نام نہیں ملتے بس ایک سرناواں ہے جو بسم اللہ اور کلمہ طیبہ کے ورد کے بعد بتاتا ہے کہ یہ گنجِ شہیداں ہے سولہ پنجاب رجمنٹ کے ان سپوتوں کا جو واہگہ سیکٹر میں 22ستمبر1965 کو لڑتے ہوئے مادرِ وطن پر نثار ہوگئے۔
لاہور تیرہ میل : ڈوگرئی کے مورچے
6ستبمر1965 کی صبح لاہور کے قلعے کی جنگ بی آر بی کی فصیل پر لڑی گئی تھی۔ واہگہ چوکی کے پار جی ٹی روڈ پر ایک تیز قدم ہندوستانی دن چڑھے کی روشنی میں دندناتی ہوئی بی آربی نہر پر واقع باٹا پور کے پل تک آ پہنچی تھی۔ اور ایک کڑا وقت تو ایسا بھی آیا کہ ایک جزوی تباہ ہوئے پُل کے دوسرے کنارے پر ہندوستانی 14ہارس کے دو ٹینک تباہ کردینے والے نائیک شریف شہید کی کٹی پھٹی لاش اور پُل کے اسِ طرف چارے سے لدی بیل گاڑی کی آڑ میں چھپائی ایک ٹینک شکن توپ ہی لاہور کے محافظ تھے۔ لکھنکے اور ڈوگرئی گاوٗں کے پار باٹا پور کے پُل پر آئے ہندوستانی 3جاٹ رجمنٹ کے اس حملے کو ہماری 3بلوچ رجمنٹ کے جوانوں کی ثابت قدمی نے پسپا کردیا تھا۔ تین دن اور تین راتوں کا قیمتی وقت ایک نہ آنے والے ہندوستانی حملے کے انتظار میں ضائع کردینے کے بعد 10ستمبر کی صبح پاکستانی 22بریگیڈ کے جوابی حملے میں ہماری فوج ڈوگرئی اور اس کے آگے دیال گاوٗں تک جا پہنچی اور وہاں ان کا ٹاکرا لاہور سے تیرہ میل کی دوری پر سستانے رکی ہندوستانی سپاہ سے ہوا۔ 10ستمبر کی دوپہر کے لگ بھگ ایک بجے کے آس پاس ہماری فوج نے بی آر بی نہر کے آگے ڈوگرئی کے گاوٗں کے پار جی ٹی روڈ کے سنگِ میل تیرہ کی قربت میں دفاع لے لیا تھا۔ یہ پاکستانی سولہ پنجاب رجمنٹ کے مورچے تھے جو رہ رہ کر ہندوستانی دستوں کو احساس دلا رہے تھے کہ ہنوز دلی دور است۔ ڈوگرئی کے اس دفاع میں 16پنجاب رجمنٹ کو 23کیولری کے الفا سکواڈرن کی مدد حاصل تھی۔ یہ لاہور کا آخری محاذ تھا جسے جنگ بندی سے پہلے فتح کرنے میں ہندوستان نے ایڑی چوٹی کا زور لگادینا تھا اور اس کے دفاع کی 16پنجاب غازیانِ ڈوگرئی نے بہت بھاری قیمت ادا کرنی تھی۔
بی آر بی نہر کے محفوظ حصار سے پرے ڈوگرئی گاوٗں سے آگے دفاع میں لگی 16پنجاب رجمنٹ نے 10ستمبر کی دوپہر سے لے کر 22ستمبر کی صبح تک دو بڑے ہندوستانی حملوں کو پسپا کردینے کے ساتھ ساتھ لگاتار کبھی نہ تھمنے والی ہندوستانی فضائیہ اور توپخانے کی گولہ باری کا سامنا کیا۔ جانی و عددی نقصان اور اعصاب شکن ماحول میں بھی اس رجمنٹ کے پائے استقلال میں لغزش نہیں آنی تھی نہ آئی۔ مگر اس عرصے کے دوران لیے گئے بالا کمانڈران کے کچھ غیردانشمندانہ فیصلے اور رجمنٹ کی دفاعی مدد میں تعینات 23کیولری کے سکواڈرن کمانڈر میجر سرور کی شہادت 16پنجاب کے لیے آنے والے دنوں میں تباہ کن ثابت ہونے جارہی تھی۔ الفاسکواڈرن کمانڈر میجر سرور 12/11ستمبر کی رات اس ایکشن میں شہید ہوگئے تھے جب پنجابیوں کو بی آربی نہر سے واپس ڈوگرئی کے مورچوں کی دفاعی لائن سیدھی کرنی کے لیے حملہ کرنا پڑا تھا۔ میجر سرور کی بدلی آئے لیفٹیننٹ افتخار جعفر بھی 16ستمبر کو دشمن کے فائر کی زد میں آکر شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔ لیفٹیننٹ افتخار کے بعد آئے دونوں کمانڈر یکے بعد دیگرے زخمی ہوکر محاذ سے اسپتال کا رُخ کر جائیں گے اور 22/21ستمبر کی فیصلہ کن رات اس کلیدی سکواڈرن کی کمان میجر نذر کے ہاتھ آئے گی جو وقت پڑنے پر سولہ پنجاب کے تابوت میں آخری کیل ٹھوکنے کا کام کریں گے مگر، عزیز قارئین، اس کا ذکر ابھی آگے آئے گا۔
ڈوگرئی کے محاذ پر دفاع لینے والی 16پنجاب پوری پلٹن نہیں تھی، بلکہ صرف دو کمپنیاں الفا اور براوو تھیں جو اگلے دفاعی مورچوں میں تھیں۔ گہرائی میں دفاع لینے والی 18 بلوچ کی دوکمپنیاں رجمنٹ کے زیرِکمان تھیں۔ 18ستبمر کو 22بریگیڈکمانڈر بریگیڈیئر قیوم شیر نے 18بلوچ کی دو کمپنیوں کی بدلی کرنے 8پنجاب کی چارلی اور 12پنجاب کی ڈیلٹا کمپنیوں کو آگے بھیجا۔ صاحبو جنگ لڑنے کا خاص طور پر دفاعی جنگ لڑنے کا کلیدی اصول ہے کہ جسقدر ممکن ہو لڑنے والی سپاہ کی اکائی نہ توڑی جائے۔ اب سولہ پنجاب کی ڈیلٹا اور چارلی کمپنیوں کو شمال میں سائفن اور جلو کے جنوب میں بی آر بی پر پلٹن سے الگ دفاع میں لگانے کیا تُک تھی وہ تو بریگیڈ اور ڈویژن کمانڈر بہتر جانتے ہوں گے۔ انجامِ کار ڈوگرئی کے محاذ کی کُل جنگ سولہ پنجاب رجمنٹ کی الفا اور براوو کمپنیاں ہی لڑیں گی۔ گہرائی میں دفاع لینے والی کمپنیوں میں سے عین محاذ کی گرمی میں میجر انیس کی قیادت میں 8پنجاب کی چارلی کمپنی دغا دے جائےگی جس کی بہت بھاری قیمت 22ستمبر کے طلوع ہوتے سورج کے ساتھ اگلے مورچوں میں لڑتے غازیانِ ڈوگرئی ادا کریں گے۔
’اک بُوٹا امبی دا‘ اور جنگ بندی
پروفیسر موہن سنگھ کی ایک من موہنی نظم ہے ’امبی دا بوٹا‘۔ گھرآئے پروہنے کے سواگت کو امبی کے بوٹے تھلے چرخہ ڈال کے بیٹھی ہماری ووہٹی جب ایک شرارت بھری مستی میں سُتے ماہی کے ماتھے پر کالکھ مل دیتی ہے اور پھر کھُل کر ہنسنے کی مستی میں بھانڈا پھوٹ جانے پر جب پروہنا اپنی ووہٹی کے پیچھے بھاگتا ہے تو پروفیسر مذکور کی کویتا جوبن پر آتی ہے
اُس گھُوری پائی نی
میں چُنگی لائی نی
اوہ پِچھے بھجا نی
میں دیاں نہ ڈاہی نی
اُس مان جوانی دا
میں ہٹ زنانی دا
میں اگے اگے نی
اوہ پِچھے پِچھے نی
منجی دے گِردے نی
امبی دے گِردے نی
۔۔۔۔۔۔۔
اوہدی پگڑی ڈھے پئی نی
میری چُنی لیہہ گئی نی
جاں ہف کے رہ گئے نی
چُپ کر کے بہہ گئے نی
طوالت کے خوف سے اختصار سے کام لیتے ہوئے ہم کچھ موہنی ترکیبیں گول کرگئے ہیں جن میں پروہنے کی چادر کھڑکنے اور ووہٹی کی کوٹھی دھڑکنے اور اسی نوعیت کی دوسری باتیں تھیں۔ ہمارے پڑھنے والے الجھن کا شکار ہوں گے کہ جنگ کے اس مضمون میں پروفیسر موہن سنگھ کی امبی کہاں سے کود پڑی۔ تو صاحبو ہمارے سبھاوٗ میں ستمبر کی جنگ کشمیر کی اسی امبی کی چھاوٗں میں ڈاہے چرخے کی کتھا ہے۔ پینسٹھ کے جولائی /اگست میں ہم نے آنکھ بچا کر چرخے کی چرمخ سے جو کالک ایک آنند میں سوتے ہندوستان کے ماتھے پر لگادی تھی، ستمبر میں وہ ہمارے گلے پڑ گئی تھی۔ اس جوانی کے مان اور زنانی کی ہٹ نے دونوں فوجوں کو اکھنور کی منجی ، اور لاہور کی امبی کے گردا گرد نہ ختم ہونے والی دوڑ میں لگا دیا تھا۔ دو ہفتے سے بھی کم کے عرصے میں جب دونوں فریقوں کی فوجیں ہف کر رہ گئی تھیں اور عوام الناس کی پگڑیاں ڈھے جانے اور چُنیاں لیہہ جانے کے لالے پڑ گئے تھے تو اب جنگ بندی کی صلاحیں گردش کرنا شروع ہوگئی تھیں۔
اب کچھ ایسا ہےصاحبو! کہ جنگ بندی کےدنوں میں فوجیں ایڑی چوٹی کا ایک آخری زورلگادیتی ہیں کہ جسقدرزمین پرقابض ہوسکتی ہیں ہوجائیں تاکہ مذاکرات کی میز پر بھاوٗ تاوٗ کرنے اور بھنانے کو کوئی کرنسی تو ہو۔ لاہور میں جی ٹی روڈ پر سنگِ میل تیرہ پر دم توڑتے محاذ پر 19ستمبر کو ہندوستانی جرنیل اسی نیت سے مل بیٹھے تو ڈوگرئی پر حملے کی تجویز لائے کہ کسی بھی طور کم از کم بی آر بی نہر کی دہلیز تک پہنچنے کا حیلہ تو ہو . اب 3جاٹ 6ستمبر کی دوپہر کو ایک دفعہ ڈوگرئی کا چکر لگا آئی تھی سوایک مرتبہ پھر ڈوگرئی پر حملے کے لیے کرنل ڈیسمنڈ ہئیڈ کی پلٹن زیرِ غور آئی۔ واہگہ سیکٹر میں جی ٹی روڈ کی سیدھ میں ہندوستانی 54بریگیڈ کا یہ حملہ دو مرحلوں میں آنا تھا۔ پہلے مرحلے میں ہندوستانی 13پنجاب اور 15ڈوگرہ نے سنگِ میل تیرہ پر 16پنجاب کی دونوں کمپنیوں پر حملہ کرنا تھا۔ اس حملے میں ہندوستانی پیدل سپاہ کو 14ہارس کے ٹینکوں کی مدد حاصل تھی۔ دوسرے مرحلے میں کرنل ڈیسمنڈ ہئیڈ کی 3جاٹ نے گہرائی میں ڈوگری کے گاوٗں پر قبضہ کرنا تھا۔ 22/21 ستمبر کی رات آنے والے اس حملے کی تیاری میں ہندوستانیوں نے 18ستمبر کی رات سے ہی پاکستانی مورچوں پر جارحانہ کارروائیاں تیز کردی تھیں جسکا نہایت ثابت قدمی سے مقابلہ 16پنجاب کی سامنے والی کمپنیوں نے کیا۔
18ستمبر کا سارا دن دشمن کا ہوا باز اوپی ہماری پوزیشن پر سے متعدد بار گزرا جس کے بعد ہماری لوکیشن پر بہت زیادہ اور کارگر شیلنگ ہوئی۔ اب تک یہ تو واضح ہوچکا ہے کہ دشمن کو ہماری دفاعی پوزیشن کے مورچوں سے مکمل آگاہی ہے۔ دشمن کے ٹینک آگے بڑھے اور ہم سے کچھ فاصلے پر ’ہَل ڈاوٗن پوزیشن‘ میں آکر ہمارے مورچوں اور ڈوگرئی گاوٗں پر فائر گراتے رہے۔ گولہ باری اسقدر شدید تھی کہ مورچوں کے بیچ تھوڑی بہت حرکت کرنا بھی ناممکن تھا۔ اگلے مورچوں تک کھانا بھی زمین پر رینگ کر ہی لایا جاسکاتھا۔
19ستمبر کی صبح تک سولہ پنجاب کی اگلی کمپنیوں کی کارگر نفری فی کمپنی نوے سے سو کے درمیان رہ گئی تھی۔ بٹالین کمانڈر کرنل گولوالہ کی پلٹن کو آرام دینے کی درخواست بریگیڈ ہیڈکوارٹر میں لاوارث پڑ ی تھی کہ لاہور کا سارا محاذ آگ اگل رہا تھا۔ اگلے دو دنوں میں 6شہید اور 16زخمیوں کے بعد پلٹن کی اگلی کمپنیوں پر جب بڑا ہندوستانی حملہ آئے گا تو کارگر نفری میں سے 22سپاہی مزید کم ہوچکے ہوں گے۔ لاہور کے معرکے پر ایک آخری ٹاکرا ہونے جارہا تھا اور اب تک ایک ثابت قدم دس ڈویژن کی جنگی حکمتِ عملی اسوقت جبکہ جنگ ختم ہونے پر تھی ڈوگرئی کے محاذ پر شکست کی ہزیمت اٹھانے جارہی تھی، مگر اس میں 16پنجاب کا کوئی دوش نہیں تھا۔ وقت پڑنے پر اس پلٹن کی دونوں کمپنیاں ڈویژن اور وطن کی عزت پر حرف نہ آنے دینے کی روایت پر اپنی جان پر کھیل جانے والی تھیں اور چالیس پٹھان کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں تھی۔
علی بابا چالیس چور
گنجِ شہیداں میں 16پنجاب رجمنٹ المعروف غازیانِ ڈوگرئی کی شہداء یادگار پر نصب افتتاحی تختی کو ذرا باریک بینی سے دیکھیں تو پتہ چلتا ہے کہ اس یادگار کی بنیاد 1966 میں رکھی گئی اور اس کا سنگِ بنیاد رکھنے والے تھے لیفٹیننٹ کرنل غلام حسین، گیارہویں علی بابا۔ 16 پنجاب رجمنٹ تاریخ کے پنوں پر اپنا آغاز 40پٹھان سے جوڑتی ہے جو سنہ1857 کی ہندوستان کی پہلی جنگِ آزادی کے کچھ سالوں بعد کھڑی کی گئی تھی۔ 40پٹھان کے نام سے وجود میں آئی ایک اکلوتی بٹالین کی اس رجمنٹ کی نفری تب صرف پٹھانوں پر مشتمل تھی۔ پلٹن کے جوان زندہ دل مشہور تھے اور کچھ جوبن پر آئی راتوں میں رجمنٹ کا بینڈ جب شہنائی اور ڈھول کی سنگت میں پشتو لوک دُھن زخمی دل بجاتا تو سماں بندھ جاتا۔ ہوتے ہوتے دِلوں کی چور اس پلٹن کا نام ہی چالیس چور پڑ گیا اور اسی نسبت سے کمانڈنگ افسر کا لقب علی بابا۔ پہلے علی بابا 42گورکھا کے میجر گریوز ٹھہرے جنہوں نے اول اول یہ پلٹن پشین میں کھڑی کی تھی۔
جنگِ عظیم اول کے دنوں میں علی بابا چالیس چوروں کا یہ گروہ ہانگ کانگ سے چل کر فرانس پہنچا۔ 1915 کے اپریل میں بیلجیم میں ایپرہ کے محاذ کی دوسری جنگ (Second Battle of Ypres) میں چالیس پٹھان نے بھی حصہ لیا۔ کہتے ہیں کہ ایپرہ کے محاذ پر اس رجمنٹ کی صفوں میں اورکزئیوں، آفریدیوں اور یوسفزئیوں کے شانہ بشانہ ایک کمپنی پنجابی مسلمانوں اور ایک دوسری کمپنی ڈوگروں کی بھی تھی۔ جرمنوں کے زہریلی گیس اور سپاٹر ہوائی جہازوں کے حملوں سے نمٹتے جب جنگ ختم ہوئی تو اس رجمنٹ کی لگ بھگ آدھی نفری کام آچکی تھی۔ ایپرہ کی جنگ کے دوران صرف 26اپریل کے دن جرمن مورچوں پر دھائے گئے حملے میں چالیس پٹھان کے تین سو سے زیادہ سپاہی ہلاک و زخمی ہوگئے تھے۔گئے دنوں کے فرنٹیئر اور آج کے خیبر پختونخواہ میں اٹک کے قلعے کے جنوب میں دریا ئے سندھ کے پار جہاں ریلوے لائن دریا کا پُل پار کرنے کے لیے مناسب جگہ کی تلاش میں ایک گول چکر کاٹتی ہے اور جہاں اٹک خورد کا خوبصورت گیری رنگا ریلوے سٹیشن ہے وہیں بندوق کی گولی سے مشابہ ایک کارتوس یادگار چالیس پٹھان کی جنگِ عظیم اول کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔
22ستمبر1965 کی طلوع ہوتی سویر ڈوگرئی کے مورچوں میں دفاع لیے 16پنجاب رجمنٹ کے لیے جان کی قربانی کوئی نئی چیز نہیں تھی۔ وہی زندہ دل چالیس چور تھے اور ان کا کماندار علی بابا عرف کرنل گولوالہ اور رجمنٹ کی صفوں میں شانہ بشانہ لڑتے پٹھان، پنجابی اور کشمیری۔ ایپرہ کے محاذ سے فرق تھا تو محض اتنا کہ وہاں چالیس پٹھان جرمن مورچوں پر چڑھ دوڑی تھی اور ڈوگرئی میں 16پنجاب خود مورچہ بند آنے والی ہندوستانی سپاہ کا انتظار کرتی تھی۔ کہتے ہیں کہ گنجِ شہیداں میں کھڑی غازیانِ ڈوگرئی کی یادگار جس کا سنگِ بنیاد گیارہویں علی بابا نے رکھا (افتتاح ہونے تک نوبت سنہ2005 اور انہترویں علی بابا تک پہنچ گئی تھی) کا ڈیزائن اسی اٹک کے پُل والی کارتوس یادگار سے متاثر ہو کر ترتیب دیا گیا تھا۔ مگر، عزیز قارئین ابھی 22/21 ستمبر 1965 کی درمیانی رات ہے، ہم ڈوگرئی کے محاذ پر ہیں اور گنجِ شہیداں کی یادگار ابھی ایک ہندوستانی حملے اور 106 شہداء کے جسدِ خاکی کی دوری پر ہے۔
لاہور کی آخری جنگ
پنیسٹھ کے ستمبر کا آخر آخر تھا اور 16 پنجاب کی سامنے کی کمپنیاں جی ٹی روڈ کے اطراف ’لاہور تیرہ میل‘ کے اطلاعی نشان کے اطراف دفاع لیے ہوئے تھیں۔ کیپٹن صغیر حسین کی زیرِ کمان براوو کمپنی دائیں رُخ پر روڈ سے اتر کر جنوب میں تھی۔ 22/21ستمبر کی رات لگ بھگ ساڑھے آٹھ بجے اس کمپنی نے اپنے مورچوں پر ہندوستانی توپخانے کی شدید گولہ باری رپورٹ کی اور نو بجے ان پر حملے کی پہلی لہر آئی۔ یہ ہندوستانی تیرہ پنجاب کے جوان تھے۔ دفاع کے بائیں رُخ اور براوو کمپنی سے تھوڑا آگے جی ٹی روڈ کے اوپر میجر امیر افضل کی زیرِ کمان الفا کمپنی تھی۔ ایک دفعہ تو انہیں لگا کہ براوو کمپنی کے مورچے حملے کی شدت میں روندے گئے ہیں۔ مگر براوو کمپنی کے پنجابی کیپٹن صغیر حسین کی دلیر قیادت میں ثابت قدم رہے۔ کچھ دیر میں پونے گیارہ بجے کے قریب الفا کمپنی پر حملے کی دوسری لہر آئی جو ہندوستانی پندرہ ڈوگرہ تھی۔ اب یہاں جنرل محمود تو مختصراً یہ کہتے ہوئے ایک طرف ہوجاتےہیں کہ 16پنجابیوں نے جب حملہ آور فوجیں نزدیک آئیں تو مورچوں سے باہر نکل کر نزدیکی فاصلے پر گرینیڈز پھینک کر ان دونوں حملوں کا زور توڑ دیا۔ مورچوں سے باہر نکل کر موت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر لڑنے والے یہ جیالے کون تھے یہ عنایت اللہ التمش ہمیں بتاتے ہیں۔
(کیپٹن صغیر کی براوو کمپنی میں) مری کے گاوٗں ڈھانڈہ کا رہنے والا حوالدار محمد اشرف، (گئے وقتوں کی) کوہاٹ کی تحصیل ہنگو کے گاوٗں بگاتو کا رہائشی حوالدار نورالرحمٰن، روالپنڈی کے نواحی گاوٗں پریال کا رہائشی لانس نائیک نجیب علی ، ہنگو کے گاوٗں رعیاں کا رہنے والا سپاہی حسن رضا، میانوالی کاسپاہی عبدالستار نیازی، گوجر خان کے گاوٗں سرخورد کا لانس حوالدار غلام مہدی، اور ضلع کیمبل پور(اٹک) کا لانس نائیک عبداللہ، مورچوں سے باہر آگئے اور دشمن پر گرینیڈ پھینکنے لگے۔ وہ کھلے فائرکے سامنے کھڑے جنونی کیفیت میں گرینیڈ پھینک رہے تھے اور نعرے لگا رہے تھے۔ آخر ایک ایک کرکے شہید ہوگئے۔
(الفا کمپنی میں) ہزارہ کا حوالدار درِّ امان، کوہاٹ کا خٹک سپاہی پائیو خان، ہزارہ کے گاوٗں بلّا کا رہنے والا سپاہی حفیظ الرحمان، پلندری آزاد کشمیر کے گاوٗں پڑال کا سپاہی رفیق، مردان کا رہنے والاسپاہی سیدن شاہ اور کوہاٹ کا سپاہی زرغون شاہ گرینیڈ پھینکنے مورچوں سے باہر آگئے ۔ نہ جانے ان کے جسموں سے کتنی کتنی گولیاں پار ہوگئیں۔ وہ ایک ایک کرکے شہید ہوگئے اور دشمن کو یہ حقیقت سمجھا گئے کہ بی آر بی ابھی بہت دُور ہے۔
لگ بھگ آدھی رات کے پاس ہندوستانی 54بریگیڈ کے حملے کے پہلے مرحلے کا زور ٹوٹ چکا تھا اور دوسرے مرحلے میں حملہ کرنے والی 3جاٹ رجمنٹ ابھی دبدھا میں تھی کہ نہ جائے رفتن نہ پائے ماندن والا معاملہ تھا۔ عین اسوقت 16پنجاب کے کرنل گولوالہ پر اس خبر سے بجلی گری کہ 23کیولری کے ٹینکوں کا کہیں پتہ نہیں تھا۔ غازیانِ ڈوگرئی کے دفاع میں سامنے اور گہرائی میں لگی کمپنیوں کے بائیں بازو میں ایک وسیع خلا تھا جسکی دیکھ بھال اور دفاع کی ذمہ داری میجر نذر کے زیرِکمان ٹینکوں کی تھی۔ مگر ٹینک آخر تھے کہاں؟
کچھ گم گشتہ ٹینکوں کی کتھا، اور کچھ گمشدہ سپاہیوں کی
دفاع میں غازیانِ ڈوگرئی کی فائری امداد 23کیولری کے براووسکواڈرن کے سپرد تھی۔ یہ وہی سکواڈرن ہے جس کے کمانڈر میجر محمد سرور 12/11ستمبر کی رات جوابی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔ ان کی جگہ لینے آئے لیفیٹیننٹ افتخار چار دن بعد 16ستمبر کوہوئی بمباری میں شہید ہوگئے۔ یکے بعد دیگرے دو مزید کمانڈروں کے زخمی ہونے اور بمباری میں ہوئےجنگی نقصان کے بعد 20ستمبر تک اس سکواڈرن کے پاس صرف دو ٹینک بچے تھے۔ اور یہ تب ہوا کہ الفا سکواڈرن کے میجر نذر کو اپنا ایک ٹروپ ساتھ لے کر براوو سکواڈرن کی کمان لینے نہر سے آگے روانہ کردیا گیا۔ غازیانِ ڈوگرئی کے دفاع کے بائیں بازو کا علاقہ کور کرنے کی ذمہ داری میجر نذر کے سکواڈرن کی تھی۔ 21ستمبر کی رات جب اس حساس علاقے میں 16پنجاب کی پشت پر حملہ کرنے کو 3جاٹ کے جوان اکٹھے ہورہے تھے تو میجر نذر اور ان کے ٹینک وہاں سے غائب تھے۔ کسی وجہ سے جو میجر نذر کوبہتر معلوم ہوگی وہ اپنے ٹینک لے کر اوپر شمال کی سمت بھسین گاوٗں کی طرف چلے گئے۔ یہ ہندوستانی 3جاٹ کو ملنے والا اس رات کا ایک کلیدی واک اوور تھا مگر کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی۔
ٹینکوں کا کھُرا نہ ملنے پر کرنل گولوالہ نے پیچھے دفاع میں لگی 12پنجاب رجمنٹ کی کمپنی کو اس حساس علاقے میں ایک لڑاکا پٹرول بھیجنے کی تاکید کی تاکہ حملہ آور سپاہ کا پتہ چل سکے اور ممکن ہو تو حملے کی تیاری کے دوران ان کو جسقدر ممکن ہو نقصان پہنچایا جائے۔ کسی نامعلوم وجہ سے 12پنجاب کی ڈیلٹا کمپنی نے اس حکم کی تعمیل نہ کی اور نتیجتاً ہندوستانی بریگیڈ کے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں 3جاٹ کا حملہ آیا تو وہ اتنا اچانک اور شدید تھا کہ ہماری سپاہ کے قدم اکھڑ گئے۔غازیانِ ڈوگرئی کی پشت پر اگلا وار اپنی ہی یونٹ 8پنجاب نے کیا۔ عین اس وقت جب 16پنجاب کی اگلی کمپنیوں کے دفاعی مورچوں میں آگ اور خون کا رقص جاری تھی،رات کے کسی پہر گہرائی میں ڈوگرئی گاوٗں کے دفاع میں لگی 8پنجاب رجمنٹ کی چارلی کمپنی کو اس کے کمانڈر میجر انیس جنگ سے بچا کر بحفاظت نہر کے پار لے گئے۔ جنگ کے محاذ پر رجمنٹ کی اکائی توڑ دینے کے بریگیڈ کمانڈر کے غیر دانشمندانہ اقدام کی 16پنجاب بہت بھاری قیمت ادا کرنے والی تھی۔ اگلے مورچوں میں لڑتی غازیانِ ڈوگرئی کی دونوں کمپنیوں پر پیچھے سے وار کرنے کے لیے کرنل ہئیڈ کی 3جاٹ ڈوگرئی گاوٗں میں اکٹھی ہورہی تھی۔
(22ستمبر کی) صبح قریباً سوا آٹھ بجے میجر انیس، جو 8پنجاب رجمنٹ کی ایک کمپنی کی کمان کررہے تھے انہوں نے بی آر بی نہر کے اِس پار 3بلوچ کی پوزیشن سے بریگیڈ میجر سے فون پر بات کی کہ وہ نہر کے مغربی بند پر آچکے ہیں۔ مزید یہ کہ ان کے کمپنی افسر کیپٹن مظہر حسین شاہ شہید ہوچکے ہیں اور کمپنی کے جوان نہر پار کرنے کے مرحلے میں ہیں۔ انہیں باقی پلٹن کے بارے میں کچھ بھی پتہ نہیں تھا۔
مگر 8پنجاب کی یہی چارلی کمپنی تھی جس کے ایک افسر اور اس کے زیرِ کمان مٹھی بھر جوانوں نے پیچھے لوٹنے کے مقابلے میں سامنے آتے دشمن کے ساتھ لڑمرنے کو ترجیح دی۔
3جاٹ کی کتھا : کانپ اٹھی ڈوگرئی
سرحد کے اُس پار والا جی ٹی روڈ جبکہ اٹاری سے آگے خرمانیاں کے سٹاپ کے پاس امرتسر کی دہلیز پر پہنچتا ہے تو روڈ کے بائیں (شمال کی سمت) ڈوگرئی وار میموریل ہے۔ یہ ان ہندوستانی سپاہیوں کو یاد کرتا ہے جو 22/21 ستمبر کی رات ڈوگرئی پر حملے میں کام آئے۔ 3جاٹ کے جوان اب بھی جب مل بیٹھتے ہیں تو ہریانوی زبان میں ڈوگرئی پر حملے کی کتھا دوہراتے ہیں
کہے سنے کی بات نہ بولوں، گاؤں دیکھی بھائی
تین جاٹ کی کتھا سناؤں، سن لے میرے بھائی
اکیس ستمبر رات گھنیری، حملہ جاٹوں نے ماری
دشمن میں مچ گئی کھلبلی، کانپ اُٹھی ڈوگرئی
ایک مشہورمقولہ ہے کہ قسمت دلیرکاساتھ دیتی ہے۔ ہندوستانی 54 بریگیڈ کے حملے کے دوسرے مرحلے میں اپنی ترتیب گاہ میں اکٹھا ہوتی 3جاٹ کے کرنل ڈیسمنڈ ہیڈزکو نہیں پتہ تھا کہ دفاعی سپاہ کے ٹینک محاذ سے غائب ہیں اور دفاعی مورچوں میں ایک بڑاخلا انہیں خوش آمدید کہہ رہا ہے۔ وائرلیس پر جو پیغام بریگیڈ ہیڈکوارٹر سے موصول ہوا اس کے مطابق حملے کا پہلا مرحلہ ناکام ہوگیا تھا اور آثار یہ بتاتے تھے کہ انہیں بھی پلٹ جاناچاہیے مگر 22ستمبر کی جوبن پرآئی رات ہندوستانی راوی بتاتے ہیں کہ 3جاٹ کے کمانڈنگ آفیسر نے اپنے سپاہیوں سے کہا تھا، ’زندہ یا مردہ ڈوگرئی میں ملنا ہے‘۔ نتائج کی پرواہ کیے بغیر گہرائی میں دفاع لیے ہوئے پاکستانی کمپنیوں پر بولے گئے 3جاٹ کےاس دھاوےنے انہیں ڈوگرئی کا تحفہ پیش کردیا۔
رات کے دو بجے جمع گاہ سے نکلے تین جاٹ بغیر کسی رکاوٹ اور مزاحمت کے پرانی ڈوگرئی کے سنسان پڑے درودیوار کو پار کرتے نئی ڈوگری کے مورچوں کے سامنے سوگز کی دوری تک آپہنچے تھے۔ (23کیولری کے ٹینکوں اور 12پنجاب کی کسی بھی لسننگ پوسٹ یا فائٹنگ پٹرول کی غیر موجودگی) میں یہ اس پلٹن نے فوجی محاورے کی رو سے مکمل سرپرائز حاصل کیا تھا۔ اب یہاں سے گونجنے والے جاٹوں کے نعروں کی گونج میں دوبدو لڑائی تھی جو عین دفاعی مورچوں کے اوپر ہورہی تھی۔
3جاٹ کی براوو کمپنی 8پنجاب کی چارلی کمپنی کا پیچھا کرتی گاوٗں کے تالاب تک آگئی تھی جب کمپنی کمانڈر کیپٹن سندھو نے دائیں ہاتھ نہر کی طرف سے آتے مشین گن کے فائر نے روک کر رکھا تھا۔ ان کی مدد کو آتے نائیک سری رام کو اس کے مکمل سیکشن کی نفری سمیت اگلے ہی لمحے اسی مورچے سے مشین گن کی گولیوں کی باڑھ نے نگل لیا۔ فائر بندی کے بعد بی آر بی نہر پر ہوئی ایک دوستانہ ملاقات میں کیپٹن سندھو نے ڈوگرئی پر حملے کی رات کا ذکر کرتے ہوئے کیپٹن صغیر حسین شہید کی بہادری کا اعتراف کیا۔ 16 پنجاب کے اگلے مورچوں سے پیچھے گہرائی میں لگی پلٹنوں کی مدد کو آتے کیپٹن صغیر حسین شہید اور مشین گن نمبر نائیک زمان علی کو ڈوگرئی کے ارد گرد جاٹ سپاہی دندناتے ملے تھے۔ بعد ازاں یہ مورچہ چاروں اطراف سے گھر جانے پر کیپٹن سندھو نے ہتھیار ڈالنے کا موقع دیا تھا مگر افسر اور جوان کی اس جوڑی نے آخری دم تک لڑتے ہوئے جان دینے کو ترجیح دی۔ کیپٹن صغیر حسین کو بعد از شہادت ستارہٗ جرات عطا ہوا۔
16پنجاب رجمنٹ کے کیپٹن صغیر حسین شہید صاحبِ سیف ہی نہیں صاحبِ قلم بھی تھے۔ آپ کو لکھنے لکھانے سے شغف تھا اور شاعری بھی کرتے تھے۔ آپ نے 8ستمبر کے حملے میں میجر نذیر گِل کے زخمی ہوجانے پر براوو کمپنی کی کمان سنبھالی اور ایک اعصاب شکن جنگ میں ہراول دستوں کے شانہ بشانہ لڑے۔
لاہور کے گنجِ شہیداں میں غازیانِ ڈوگرئی کی یادگار سے ایک قطار پہلے ان کا مرقد ہے۔
3جاٹ کے الفا کمپنی کمانڈر میجر تیاگی حملے کے آغاز میں ہی ایک گولی سے زخمی ہوگئے تھے مگر ہوش میں تھے۔ جب نوبت دوبدو لڑائی تک پہنچی تو ہندوستانی وار اکاوٗنٹس کہتے ہیں کہ ان کا ٹاکرا میجر نذر سے ہوا۔ اس لڑائی میں خود بھی سنگین سے زخمی ہوئے میجر تیاگی نے اپنی سنگین کےوار سے میجر نذر کو شہید کردیا تھا۔
چاند کی روشنی میں سامنے دو ٹینک چمکتے نظر پڑے جن کے کریو کو 3جاٹ کے سپاہیوں نے ٹھکانے لگا دیا۔ انہیں ٹینک پر چڑھنے کی بھی مہلت نہ ملی۔ آخری وار جو (نزدیک ہی زمین پر زخمی پڑے) میجر تیاگی کو یاد ہے انہوں نے اپنے سامنے آتے ایک سپاہی کے جسم میں سنگین ترازو کردی تھی۔ جیسے میجر تیاگی نے چاقو کا پھل اس کے گوشت میں پھسلتا محسوس کیا ان کے مقابل نے اپنے پستول سے دو گولیاں فائر کیں اور دونوں سپاہی ایک دوسرے کے اوپر ڈھے گئے۔ جس سپاہی کو انہوں (میجرتیاگی) نے سنگین کے وار سے زیر کیا تھا اور جس نے ان پر پستول کی گولیاں چلائی تھیں وہ 23کیولری کے براوو سکواڈرن کے کمانڈر میجر نذر تھے۔
اب یہ بات اس لیے قرین از قیاس نہیں ہے کہ حملے کی اس رات چاندنی تو چٹکی ہوگی مگر میجر نذر اور ان کے ٹینک دونوں اس رات محاذ سے غائب تھے۔ جاٹوں نے چاند کی روشنی میں کس چیز پر ٹینک کو قیاس کیا اس کا تو علم نہیں مگر گمان غالب ہے کہ مذکورہ دوبدو لڑائی میجر تیاگی اور 8پنجاب کی چارلی کمپنی کے کیپٹن مظہرحسین شہید کے درمیان ہوئی ہوگی۔ 22ستمبر کی رات جب چارلی کمپنی میجر انیس کی قیادت میں اپنے مورچے چھوڑ نہر پار کرنے کی جگہ ڈھونڈتی تھی تب کیپٹن مظہر حسین اور انکا سیکشن 3جاٹ کے حملے کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہوا تھا۔میجر تیاگی اس دوبدو لڑائی کے پانچویں دن اسپتال میں خود بھی جان کی بازی ہار گئے۔ ہندوستانی حکومت نے انہیں بہادری کے دوسرے بڑے اعزاز مہاویر چکر سے نوازا۔ گجرات شہر کے شمال میں ایک محلہ مدینہ سیداں کے نام کا ہے۔ یہاں مدینہ قبرستان میں کیپٹن سید مظہر حسین شہید سورہے ہیں۔ شہید کی مرقد پر ایک چھوٹا سا مقبرہ ہے جو بیگم زبیدہ مظہر نے تعمیر کروایا تھا۔

جب آنکھیں آہن پوش ہوئیں، جب خونِ جگر برفاب ہوا
عین اس وقت جبکہ ڈوگرئی گاوٗں پر قبضہ پورا ہونے کو تھا اور دفاعی جنگ لڑتے سپاہی آخری ہچکیاں لے رہے تھے، اور اسوقت جبکہ 3جاٹ کے براوو کمپنی کمانڈر کیپٹن سندھو اپنے ہتھیار کے فائر اور سنگین کی زد سے شہید ہوجانے والے دلیر کیپٹن صغیر حسین کے بیجز آف رینک ایک اعزازی مالِ غنیمت کے طور پر اتار رہے تھے، عین اس وقت 22ستمبر کی صبح لگ بھگ ساڑھے پانچ بجے دن نکلتے کے اجالے میں میجر شیکھاوت نے ڈوگرئی کے ایک دومنزلہ مکان کی چھت سے سنگِ میل تیرہ کی طرف نظر دوڑائی تو کرنل گولوالہ کی 16پنجاب کی اگلی دونوں کمپنیاں ابھی تک اپنے مورچوں میں ڈٹی ہوئی تھیں۔ ایک ثابت قدمی میں تیرہ پنجاب اور 15ڈوگرہ کو پیچھے دھکیل دینے والے غازیانِ ڈوگرئی کے چالیس چوروں اور ان کے علی بابا کرنل گولوالہ کو علم تھا کہ ان کے پیچھے جنگ کا پانسہ پلٹا جا چکا ہے اور کچھ ہی دیر جاتی ہے کہ وہ دشمن کی چکی کے دونوں پاٹوں کے بیچ پسا چاہتے ہیں۔
لگ بھگ رات کے دو بجے تک پلٹن کے پاس بیشتر براوٗننگ آٹومیٹک مشین گنیں اور سیمی آٹومیٹک رائفلیں تباہ یا ناکارہ ہوچکی تھیں ۔ بچے کھچے ہتھیاروں میں سے اکثر مٹی یا تکنیکی وجوہات کی وجہ سے روک کا شکار ہوگئی تھیں۔ پلٹن کی مارٹر پلاٹون سے رابطہ کٹ گیا تھا۔ بعد ازاں گنے چنے بچ کر آنے والے جوانوں نے بتایا کہ گیارہ بجے ہوئی بمباری کے دوران براہِ راست گرنے والے گولے کی زد میں آکر مارٹر پلاٹون کے اکثر جوان شہید اور ہتھیار تباہ ہوگئے تھے۔ دشمن کی دو کمپنیاں ڈوگرئی گاوٗں تک نفوذ کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔ ایمونیشن لانے کے لیے ڈوگرئی کی طرف بھیجی گئی پارٹیاں یا تو شہید ہوگئیں یا پھر قیدی بنا لی گئیں۔
22ستمبرکےطلوع ہوتے دن میں 16 پنجاب کے جوانوں نے ایک سناٹے کے عالم میں گرینڈ ٹرک روڈ پر اپنے سامنے 14 ہارس کے سکواڈرن کے ٹینکوں کو تھری ٹروپ اپ فارمیشن میں شرقاً غرباً پھیلی ایک لامتناہی لائن میں آتے دیکھا۔ کچھ ہی دیر میں ان ٹینکوں کی مشین گنیں اندھا دھند آگ اگلنا شروع کردیں گی۔ اپنے مورچوں میں دفاع لیے غازیانِ ڈوگرئی کے جوانوں کو ان کے پیچھے ڈوگرئی گاؤں کی چھتوں سے 3جاٹ کا کاری فائر نشانہ باندھ کر چاٹنا شروع کردے گا۔ کرنل گولوالہ کی پلٹن نے اس موقعے پر ہتھیارڈ النے پر لڑ مر جانے کو ترجیح دی۔پلٹن کے جوان جن کے پاس راکٹ لانچر تھا ایک جنون کے عالم میں آخری نعرہ بلند کرتے مورچوں سے باہر آئے۔ اس سے پہلے کہ وہ ٹینکوں کا نشانہ باندھتے 14 ہارس کی آگ اگلتی مشین گنیں انہیں چاٹ گئیں۔ رائفل بردار ایک الہامی سکون کے عالم میں سنگینیں سنبھالے آخردم تک مورچے میں دبکے رہے اور عین وقت پر حملہ آوروں کے سامنے نکلےکہ اگر جائیں تو ایک دو کو ساتھ لیتے ہوئے جان جانِ آفریں کے سپرد کردیں۔ جو سامنے کے ہلے سے بچ گئے انہیں پیچھے بیٹھی پلٹن کے فائر نے آلیا۔ 22ستمبر 1965 کی صبح آٹھ بجے 16پنجاب کی لڑائی اپنے اختتام کو پہنچی۔
یہ خونِ خاک نشیناں تھا ۔ ۔ ۔
اکتوبر1965 میں ہمارے کمانڈنگ افسر صاحب کو سپاہی محمد رفیق شہید کے والد صاحب کا جو موضع بڑال تحصیل پلندری، ضلع پونچھ کے رہنے والے ہیں ایک خط آیا۔ جس میں شہید کے والد نے لکھا کہ میں نے اپنے بیٹے کی شہادت کی خبر سُنی، اور میں اپنے آپ کو نہایت ہی خوش نصیب سمجھتا ہوں کہ میرا جانباز بیٹا وطن کا دفاع کرتے ہوئے شہید ہوگیا۔ مجھے افسوس ہے کہ میرا اور کوئی لڑکا نہیں ہے ورنہ میں آج ہی اس کو آپ کے پاس روانہ کردیتا تاکہ وہ آپ کی پلٹن میں شامل ہو کر اپنے شہید بھائی کی جگہ لے لے۔ میں خود بہت بوڑھا ہوں لیکن پھر بھی میں اپنی خدمات آپ کو پیش کرتا ہوں کہ آپ مجھے اپنی پلٹن میں کسی بھی کام کے لیے بلالیں اور میں اپنے شہید بیٹے کی جگہ لے لوں۔ اگر اور نہیں تو کم از کم مجاہدوں کو آگے ایمونیشن یا رسد وغیرہ بھیجنے کے تو میں بالکل قابل ہوں، بہرحال میری صرف ایک آرزو ہے کہ آپ مجھے یہ لکھیں کہ میرے شہید کا بنگلہ کہاں ہے۔
ستمبر 1965 میں میجر امیر افضل خان جی ٹی روڈ پر سنگِ میل تیرہ کے اطراف دفاع میں لگی 16پنجاب رجمنٹ کی الفا کمپنی کی کمان سنبھالے ہوئے تھے۔ وہ لکھتے ہیں کہ اکتوبر1965 میں ان کے کمانڈنگ افسر کو پلندری آزادکشمیر کے گاوٗں بڑال سے ایک خط موصول ہوا جو سپاہی محمد رفیق شہید کے والد نے لکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے آپ کو ایک خوش نصیب بیٹے کا والدتصور کرتے ہیں جو دفاعِ وطن میں شہید ہوگیا۔ جذبات سے معمور اس خط میں ایک والد کی ایک ہی تمنا تھی کہ کرنل صاحب انہیں آگاہ کریں کہ ان کے شہید بیٹے کا ’بنگلہ‘ کہاں ہے۔ میجر صاحب لکھتے چلے جاتے ہیں کہ ہنس مُکھ چہرے، سیاہ گھنی مونچھیں اور تیز قدم چلنے والا سپاہی رفیق 22ستمبر کی صبح اپنے مورچے میں لڑتا ہوا شہید ہوا جب وہ چاروں طرف سے گھِر چکا تھا۔ رفیق شہید کی لاش جنگ بندی کے بعد مورچے سے ہی اٹھائی گئی اور اس کے ساتھیوں کے جسدِخاکی کے ساتھ پلٹن کے گنجِ شہیداں میں دفنا دی گئی۔ جنگ ختم ہوئے کچھ دن ہو چلے تھے اور پلٹن کے شہید اب اجتماعی قبروں کی تین ڈھیریوں میں آرام کی نیند سوتے تھے۔ مگر 22ستمبر کی صبح صورتحال مختلف تھی، جب سولہ پنجاب کی جنگ ختم ہوئی تو میدانِ کارزار بذاتِ خود ایک گنجِ شہیداں کا منظر پیش کررہا تھا۔
جنگ بندی کے بعد ہندوستانی سپاہ نے ڈوگرئی کے میدانِ جنگ پر اخباری نمانئدوں کو بلایا اور ذرائع ابلاغ کی نمائش کے لیے جنگ میں سمیٹے مالِ غنیمت کا انبار سجایا۔ ہتھیاروں اور گولہ بارود کی ان ڈھیریوں کے آگے ڈوگرئی کے مجاہدوں کی کٹی پھٹی لاشیں بھی نمائش کے لیے رکھیں۔ ایک آخری ہلے کے زور کو سہار لینے والے زخمی اور زندہ بچ جانے والے سپاہیوں کو ایک طرف قیدیوں کی ٹکڑی میں بٹھایا۔ سترہ دن اور رات جنگ کے آتش دان کو دہکادینے والی یہ آنکھیں اب زرد رو تھیں اور اپنے زندہ رہ جانے کی حیرانی میں فضا میں کسی نادید ہ مقا م کو تکتی تھیں۔ اور صاحبو یہ کوئی نیا منظر نہیں تھا کہ معرکہ جیت لینے والی فوجیں فتح کیے میدانوں میں اسی طرح کے میلے سجاتی ہیں۔
جنگ بندی کے بعد ۔ 16پنجاب رجمنٹ کے شہداء اور جنگی قیدی
لاہور کے آخری محاذ کی جنگ لڑتے ہمارے سپاہیوں کے جسے اسی پوز میں اکڑ گئے تھے جس میں سامنے حملہ آور پر کودتے یا زمین پر رینگتے انہوں نے جان دی تھی۔ آگ اور خون کے معرکوں میں جان دینے والے سپاہیوں کے مہاندرے اسی طرح کے ہوتے ہیں۔ تین جاٹ، تیرہ پنجاب اور پندرہ ڈوگرہ نے بھی اسی طرح کے جسدِ خاکی کاندھے پر لاد شمشان گھاٹ پہنچائے ہوں گے۔ دن کے کسی پہر اجازت ملنے پر پاک فوج کا دستہ اپنے شہیدوں کو ٹرکوں میں ڈال واپس لے کر آیا۔ ہمارے یہ مجاہد اب لاہور کے گنجِ شہیداں کی مورچہ نما نوگزی قبروں میں آرام کرتے ہیں اور ساتھ کھڑی ایک یادگار پر لہو رنگ میں رنگے کچھ نام جگمگاتے ہیں۔ غازیانِ ڈوگرئی کی یادگار کے ستونوں پر جگمگاتے یہ نام محض نام نہیں ہیں۔ ہمارے یہ سپاہی ان سرُخ ناموں سے پرے جیتے جاگتے انسان تھے۔ ہر نامِ سرُخ سلام اپنے آپ میں ایک کہانی ہے۔
ان ناموں میں کہیں کوہاٹ کا خٹک پٹھان نائیک شیر بادشاہ ہے جو 8ستمبر کو ہندوستانی رانی پوسٹ پر حملے کے دوران دلیری سے لڑتے ہوئے کام آگیا تھا اور لڑائی میں پلٹن کا پہلا شہید ٹھہرا۔ پھر کوہاٹ سے آگے ہنگو کا رہنے والا لانس نائیک حیدر علی تھا۔ دس ستمبر کو جرات سے لڑتے ہوئے الفا کمپنی کمانڈر میجر مبارک شہید ہوگئے تھے۔ ان کا تعلق مشرقی پاکستان سے تھا۔ لانس حوالدار دُرِ امان، لانس نائیک حیدر علی اور صوبیدار چنار گُل اپنی جان خطرے میں ڈال کر میجر مبارک کا جسدِ خاکی اُٹھا کرلائے تھے کہ اپنے افسر اور وہ بھی جس کا تعلق مشرقی بازو سے تھا کی لاش کو دشمن کے نرغے میں چھوڑ دینے سے پلٹن کے پنجابیوں اور پٹھانوں کی عزت کو بٹہ لگتا تھا۔ اس کارروائی میں حیدر علی زخمی ہوگیا تھا۔ 22ستمبر کی قیامت کی رات تین بجے لانس نائیک حیدر علی لڑتا ہوا شہید ہوگیا۔ اسے بہادری کا اعزاز تمغہٗ جرات عطا ہوا۔ چند گھنٹوں کی دوری پر لانس حوالدار دُرِ امان بھی شہیدوں کی فہرست میں نام لکھوا کر سرفراز ٹھہرا۔ گنجِ شہیداں میں اجتماعی قبروں کے سرہانے گنے چنے کتبوں میں سے ایک پر لانس نائیک حیدر علی کا نام لکھا ہوا ہے۔
راولپنڈی کے گاوٗں پریال کا گندمی رنگ اور تیکھے نقوش والا لانس نائیک نجیب علی بھی میجر امیر افضل کو یاد ہے۔ سلومارچ میں یکتا یونٹ کی تقریباتی پریڈ میں گائیڈ کی پوسٹ سنبھالنے والا، لانگ جمپ، ہائی جمپ اور پول والٹ کا ماہر کھلاڑی۔ وہ 22/21 ستمبر کی رات ہندوستانی حملے کی پہلی لہر میں مورچوں سے آگے گرینیڈ کا شکار کھیلتا ہوا شہید ہوا تھا۔ نجیب کی لاش جنگ بندی کے بعد اٹھائی جا سکی تھی جس کا مسکن گنجِ شہیداں کی اجتماعی گور بنی۔ میجر امیر افضل خان کے پاس ہی یونٹ میں منعقدہ سنہ1962 کی ایک تقریبی پریڈ کی تصویر ہے جس میں لانس نائیک نجیب گل گائیڈ بنا سلو مارچ کررہا ہے ۔ اسی تصویر کے فریم میں پینسٹھ کی جنگ کے تین شہید اور بھی ہیں، سپاہی عبدالرحمان، نائیک شیر بادشاہ اور ہمارا لانس نائیک حیدر علی، تمغہٗ جرات۔
کہوٹہ سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ لیفٹیننٹ محمد اختر نے جنگ کے دوران 17ستمبر کو یونٹ کے اگلے مورچوں میں رپورٹ کی تھی۔ 19ستمبر سے 22ستمبر کی جنگ انہوں نے اگلے مورچوں میں لڑی۔ شدید لڑائی کے دوران اگلے مورچوں تک ایمونیشن کی رسد برقرار رکھنے میں انکا کلیدی کردار تھا۔ 22ستمبر کی صبح جب جنگ کی بساط الٹ گئی اور کرنل گولوالہ کی طرف سے حکم ملا کہ ایک ایک کرے پیچھے نکلو اور دشمن کا گھیرا توڑ کر نہر پار کرنے کی کوشش کرو تو لیفٹینٹ اختر اور سپاہی مختار کی جوڑی پیچھے کو پسپا ہوئی۔ میجر امیر افضل نے ان دونوں کو ڈوگرئی تک پہنچتے دیکھا تھا پھر ان کی کوئی خبر نہ آئی۔ جنگ کے بعد جب بی آر بی نہر کا پانی کم کیا گیا تو لیفٹیننٹ اختر کا گولیوں سے چھلنی جسدِ خاکی نہر سے مِلا۔ ان کی سٹین گن ان کی چھاتی پر تھی جس کی میگزین خالی تھی۔ ان کی جیب میں اکیڈیمی سے سولہ پنجاب رپورٹ کرنے کا موومنٹ آرڈر ابھی تک پڑا ہوا تھا۔
گنجِ شہیداں کی انفرادی تربتوں میں سے ایک صوبیدار عبدالحمید شہید کا مرقد بھی ہے۔ 19ستمبر کے بعد سے عبدالحمید کی پلاٹون کا تیسرا حصہ جنگ لڑنے کو باقی بچا تھا۔ 22ستمبر کی صبح آٹھ بجے جب انفرادی پس قدمی کا حکم ملا تو صوبیدار عبدالحمید سپاہی حیات نیازی کے ساتھ آخری مشین گن پوزیشن کو سنبھالے ہوئے تھے۔ آخر دم مورچے سے نکلتے ہوئے دشمن کے ٹینک کے ایک گولے کا ٹکڑا سر پر لگنے سے اسی جگہ شہید ہوگئے۔ ان کی میت سیز فائر کے بعد 23ستمبر کو تدفین کے لیے گنجِ شہیداں لائی گئی۔
پھر وہ شہید بھی تھے کہ نہر سے پار ڈوگرئی اور لکھنکے سے آگے کی زمینیں انکا مرقد ٹھہریں۔ کوہاٹ کے علاقے شکردرہ کا لانس نائیک مبین خان کہ رائفل اور مشین گن فائر میں بلا کی مہارت رکھتا تھا۔ نظر کا تیز اور فائر کے لیے پوزیشن بناتا تو لگتا جیسے ہتھیار اس کے جسم کا حصہ ہو۔ یہ پینسٹھ کی جنگ میں پلٹن کا سنائپر تھا کہ پوشیدہ جگہوں سے دورمار اور کارگر فائر گرانے میں استاد تھا۔ 21/20ستمبر کی رات آئے حملوں میں یہ مجاہد اپنی آوٗٹ پوسٹ پر ہی شہید ہوا مگر اس کے ساتھ اس کا سنگی بھی تو تھا۔ سپاہی عالم خان کوہاٹ کا ہونے کے سبب مبین کا گرائیں تھا، مگر اس کا گاوٗں شکردرے سے فرق تھا۔ عالم خان، مبین کی مشین گن پر نمبر دو تھا اور دونوں گرائیں مورچوں سے آگے کی شکارگاہوں کےشکاری تھے۔ 21/20ستمبر کی رات اگلی آوٗٹ پوسٹ پر دونوں اکٹھے شہید ہوئے اور کمپنی کمانڈر نے فیصلہ کیا کہ دونوں کو انہی کی پوزیشن میں دفنادیا جائے۔ الفا کمپنی کے گہرائی والے سیکشن کےایک مورچے میں صوبیدار چنار گُل کے جوانوں نے دونوں سپاہیوں کو ساتھ ساتھ لٹا کر اوپر سے مٹی ڈال دی۔ یاددہانی کے لیے سپاہیوں کو بتادیا گیا کہ دائیں جانب لانس نائیک مبین خان اور بائیں سمت سپاہی عالم خان سو رہا ہے۔ جنگ بندی کے بہت بعد اگلے سال مارچ کے مہینے میں جب ان کے جسدِ خاکی گنجِ شہیداں منتقل کرنے کے لیے نکالے گئے تو کہنے والے کہتے ہیں کہ اتنے مہینوں بعد بھی مبین اور عالم خان کی میتوں کو پہچاننے میں کوئی دقت نہیں ہوئی۔
مئی1966 کا واقعہ ہے کہ فوجیں اگلے مورچوں سے بارکوں کو پلٹ گئی تھیں اور نہر کے پارکے گاوٗں پھر سے آباد ہوگئے تھے۔ سرحدی دیہات میں ہل چلاتے ہوئے کسانوں کو ایک شہید فوجی کا جسدِ خاکی مِلا۔ لاہور چھاوٗنی سے شناخت کے لیے گئے 16پنجاب کے صوبیدار میجر اشرف نے اپنے لانس نائیک جہان خان کو پہچان لیا۔ 17/16 ستمبر کی درمیانی رات جہان خان لیفٹینٹ افتخار کے ساتھ گشتی پارٹی میں اگلی زمینوں تک گیا تھا جہاں دفاع میں لگی ہندوستانی پلٹن سے یہ جانباز بھِڑ گئے تھے۔ اس رات کے ایکشن میں شہید ہونے والوں میں لانس نائیک جہان خان بھی تھا۔ گمان غالب ہے کہ اس کے ساتھ گئے سپاہیوں میر اسلم اور ثمر گل نے شہید کو پیچھے لانے میں ناکامی پر گڑھا کھود کر وہیں دفن کردیا تھا۔ میر اسلم اور ثمر گل کی شہادت کے بعد جہان خان کی گور کا نشان کس کو یاد رہا ہوگا۔ غازیانِ ڈوگرئی کی یادگار کے ستون پر ایک آخری نام لانس نائیک جہان خان کا درج ہے۔ نہ جانے کتنے اور جہان خان ہوں گے جو ڈوگرئی اور اس سے آگے کی زمینوں میں مٹی ہو گئے اور یہ ارضِ وطن جن کا گورستان ٹھہرا۔
گنجِ شہیداں کی اجتماعی قبروں کے ساتھ ذرا ہٹ کر ایک اکیلی قبر پنجاب رجمنٹ کے رنگوں میں رنگی ہے۔ کتبہ بتاتا ہے کہ یہ 16پنجاب کا نامعلوم شہید سپاہی ہے۔ صاحبو گنجِ شہیداں کی اس سویر ہمیں لگا کہ جیسے یہ علامتی قبر ہو۔ سولہ پنجاب، بارہ یا پھر آٹھ پنجاب کے نامعلوم سپاہیوں کی یا پھر ایک اور تین بلوچ کے گمنام شہیدوں کی یا پھر لاہور کے ان سارے نامعلوم سپاہیوں اور مجاہدوں کی جو جنگ کی گرد میں گرد ہوگئے اور اب کسی کو ان کا نام و نشاں نہیں ملتا۔
عنایت اللہ التمش کےغازیانِ ڈوگرئی کے گپت کمپنی کمانڈر سے سنے شبد کس قدر حقیقت پر مبنی تھے
’شہیدوں کے لہو کی قسم، وہ اللہ اور اس کے رسول صلعم کو بہت ہی عزیز تھے جن کی لاشوں کو ہم نے اُن ہی کے مورچوں میں رکھ کر اوپر مٹی ڈال دی اور جن کی لاشیں ٹینکوں تلے کُچلی گئیں اور وہ پاک وطن کی مٹی میں مل کر مٹی ہوگئے۔‘

پسِ تحریر
اگر آپ بی بی پاک دامن کے قبرستان میں ہیں اور اس نیت سے ہیں کہ اپنے ہر دلعزیز فلمسٹار منور ظریف کو سلام کرتے چلیں اور دعا کرلینے کے بعد ایک نظر باقی اہالیانِ قبرستان پر بھی ڈال لیتے ہیں تو ایک اور کتبہ آپکو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے میجر ضیاءالدین اوپل شہید۔ میجر ضیاءالدین اوپل کا تعلق آرٹلری سے تھا اور آپ ڈوگرئی کے محاذ پر توپخانے کا فائر درست کرواتے ہوئے 17/16 ستمبر کی رات شہید ہوگئے تھے۔
کوہاٹ کے پاس بابری بانڈہ کے قبرستان میں برلبِ سڑک ایک کتبہ کیپٹن ظہورالاسلام آفریدی کی داستانِ شجاعت سناتا ہے۔ ڈوگرئی ہاتھ سے گنوانے کے بعد ڈویژن کمانڈر نے عجلت دکھاتے ہوئے دن کی روشنی میں ڈویژن ریزرو کو جوابی حملے میں جھونک دیا اور یہ سب اسوقت ہوا جبکہ جنگ بندی کی مہلت اگلی صبح 23ستمبر تک بڑھادی گئی تھی۔ ایک افسر سمیت 33جوان اور چار ٹینک گنوانے کے بعد یہ جوابی حملہ پسپا ہوگیا۔ میجر ظہورالاسلام اس جوابی حملے کی قیادت کررہے تھے۔ انہیں بعد از شہادت ستارہٗ جرات سے سرفراز کیا گیا۔
ہمارے اس کہانی کو پڑھ کے سولہ پنجاب رجمنٹ غازیانِ ڈوگرئی کے ایک آفیسر نے ہم سے کچھ دلچسپ تفصیلات سانجھی کیں جو ہم یہاں بیان کیے دیتے ہیں۔حوالدار چنار گُل پینسٹھ کی جنگ کے دوران الفا کمپنی کے کمپنی حوالدار میجر تھے۔ بعدازاں ترقی پاکر سولہ پنجاب کے صوبیدار میجر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔ اپنی دلچسپ اور دلپسند شخصیت کے سبب آپ رجمنٹ کے افسروں اور جوانوں میں ہردلعزیز تھے۔
پینسٹھ کی جنگ میں دادِ شجاعت دینے والے آفیسرز اور سردار صاحب کے اعزاز میں سولہ پنجاب کی چار کمپنیوں کے نام کچھ یوں ہیں
الفا کمپنی ۔ مبارک کمپنی
براوو کمپنی ۔ صغیر کمپنی
چارلی کمپنی ۔ اختر کمپنی
ڈیلٹا کمپنی ۔ غلام رسول کمپنی
اس مضمون کے مآخذ
History of Indo Pak War – 1965, Lt Gen (Retd) Mahmud Ahmed
The Monsoon War, Young Officers Reminisce, Amarinder Singh, Lt Gen Tajinder Shergill
لاہور کی دہلیز پر ، عنایت اللہ التمش
وہ اپنے خون سے وطن کا نام روشن کرگئے، میجر امیر افضل خان۔ میجر امیر افضل خان کی یہ کتھا قسط وار آٹھ حصوں میں ہفت روزہ ہلال کے 1967 کے سال کے مختلف شماروں میں شائع ہوئی۔ ڈوگرئی کی جنگ کے دوران میجر امیر افضل خان الفا کمپنی 16پنجاب کے کمانڈر تھے۔ اس مضمون سے بہت کچھ عنایت اللہ التمش نے اپنی کتاب لاہور کی دہلیز پر میں مستعار لیا ہے


