مشرقی بنگال کے آتش بجانوں کو سلام
لاہور چھاوٴنی کا گنجِ شہیداں
بہت لوگ نہیں جانتے کہ لاہور چھاوٴنی میں جو گنجِ شہیداں ہے، اس کی لہو پلا کر سینچی زمینوں میں کچھ ہمارے بنگالی سپاہیوں کی قبریں بھی ہیں جو ستمبر کی جنگ میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ لڑے تھے اور اپنی شجاعت کے جوہر دکھا اب ایک اجنبی سرزمین کی خاک اوڑھے آرام کرتے ہیں۔
کچھ سال پہلے میجر (ریٹائرڈ) آفتاب احمد کی خودنوشت “مشرقی پاکستان کے میدانِ جنگ سے آخری سلام” پڑھی تو کتاب کے پس ورق پر میجر صاحب کی ایک تصویر نظر سے گزری جہاں وہ لاہور کے گنجِ شہیداں میں سینیئر ٹائیگرز کی یادگار پر پھول چڑھائے ایک احترام کے عالم میں یادگار کے پہلو میں بیٹھے ہیں۔ میرا بہت دِل کیا کہ میں بھی گنجِ شہیداں کی اس بنگالی یادگار پر دعا کرنے جاوٴں۔ تب مجھے بھی علم نہیں تھا کہ وہاں گنجِ شہیداں میں اس لہو رنگ گیری سے دُھلی یادگار کے پاس ان بنگالی سپاہیوں کی تربتیں بھی ہوں گی جو مغربی پاکستان کے محاذ پر شجاعت کے جوہر دکھا ایک اجنبی سرزمین کی خاک اوڑھے آرام کرتے ہوں گے۔
اپنے لاہور سے قصور کی نیت کرتے ہوئے فیروزپور روڈ پکڑیں تو قریب قریب نصف راستے کی مسافت پر للیانی کا سٹاپ آتاہے جس کا موجودہ نام مصطفیٰ آباد ہے۔ یہاں
مین روڈ کے ساتھ للیانی کے قبرستان میں بھی گنجِ شہداء کے نام سے ایک گوشۂ سکون ہے جہاں ایک چاردیواری میں فاتحِ کھیم کرن 5 فرنٹیئر فورس کے وہ سپوت دفن ہیں جو ستمبر پینسٹھ کی جنگ میں کھیم کرن اور اس سے کچھ آگے کی مفتوحہ زمینوں کو دونیم کرتے شہید ہوئے
دو نیم ان کی ٹھوکر سے صحرا و دریا
اسی قبرستان کے ایک کونے میں شامی مینار ہے۔ کھیم کرن کی قربت میں شہید ہوئے بریگیڈیئر احسن رشید شامی کی یہ یادگار للیانی کے قبرستان میں کھڑی کی گئی۔ ہماری یہ تحریر 5 ایف ایف یا پھر بریگیڈیئر شامی سے متعلق نہیں ہے تو آگے بڑھتے ہیں۔ للیانی سے ایک راستہ بی آر بی نہر کی طرف نکلتا ہے جو ویگل گاؤں کو جاتا ہے۔ یہیں ویگل سے پہلے پٹھانوالہ ابراہیم آباد میں فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کا ہیڈکوارٹر تھا۔ مشرقی پاکستان سے تعلق رکھنے والی بنگالی سپاہ پر مشتمل یہ پلٹن جو سینیئر ٹائیگرز کہلاتی تھی ستمبر 1965 کی پاک بھارت جنگ میں بیدیاں کے دفاع پر مامور تھی۔
بیدیاں میں سینیئر ٹائیگرز
فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ فروری 1948 میں اس نیت سے قائم ہوئی تھی کہ آنے والے دنوں میں اس کی نفری بشمول افسر، سردار صاحبان اور جوانوں کے بنگالیوں پر مشتمل ہوگی۔ بنگالی ٹائیگر کے نشان کی حامل ایسٹ بنگال کی پہلی پلٹن سینئیر ٹائیگرز کہلائی۔ 1857 کی جنگِ آزادی کے بعد جسمیں ایک بڑا حصہ نیٹو (مقامی) بنگال انفنٹری کی پلٹنوں کی بغاوت کا ہے، ہمارے نوآبادیاتی آقا نے بنگال سے بھرتی پر پابندی لگاتے ہوئے یہ افواہ پھیلائی کہ بنگالی ایک غیر عسکری قوم ہے جو فنِ سپہ گری کے لیے موزوں نہیں۔ گنگا جمنی میدان اور اس کے پہلو سے لگتی پہاڑیوں کے پوربی جب تاجِ برطانیہ نے بھرتی کرنے بند کردیئے تو پوٹھوہار اور ڈومینین کی شمال مغربی سرحد سے بھرتی کا پیٹ بھرنے کے لیے جنگجو قوموں (martial races) کی اختراع نکالی، مگر یہ ایک الگ بحث ہے۔ واپس ایسٹ بنگال رجمنٹ کی طرف آتے ہیں جو قیامِ پاکستان کے بعد مشرقی بازو کے مقامی لوگوں کی بھرتی کی طرف اٹھایا گیا پہلا قدم تھااور واحد رجمنٹ تھی جو خالص پاکستانی ماحول میں وجود میں آئی۔ کم لوگ یہ جانتے ہیں کہ آزادی کے بعد کے دنوں میں کیپٹن (بعد ازاں میجر) عبدالغنی نے بنگالی مسلمانوں کی دو پایونیر یونٹوں کمپنی 1256 اور کمپنی 1407 جو انڈین پایونیئر سنٹر کے ماتحت تھیں کی تنظیمِ نو کرکے ایک طرح سے ایسٹ بنگال رجمنٹ کی نیو ڈالی تھی۔ ان کمپنیوں کو ڈھاکہ میں اکٹھا کرکے کیپٹن غنی کی کمان میں دیا گیا اور پھر فروری 1948 میں فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ وجود میں آئی۔ 23 مارچ 1948 کو ڈھاکہ میں قائدِ اعظم محمد علی جناح نے اس رجمنٹ کی تقریبی پریڈ کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا تھا
مجھے یقین ہے کہ آپ کسی سے کمتر سپاہی ثابت نہیں ہوں گے۔ غیر ملکی دورِ حکومت میں آپ کا شمار غیر عسکری قوموں میں کیا جاتا تھا۔ اب یہ ملک آپ کا ہے، حکومت آپ کی ہے۔ اس لیے آپ کا فرض ہے کہ اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر دکھائیں۔
بنگال ٹائیگر کے اوصاف پر بعد ازاں اس رجمنٹ کا نصب العین گریس، سٹرینتھ، سپیڈ (Grace, Strenght, Speed) رکھا گیا اور رجمنٹ کے سپاہیوں کو بنگال ٹائیگرز کا لقب مِلا۔ سب سے اول فرسٹ بنگال رجمنٹ کے سپاہی سینیئر ٹائیگرز کہلائے۔سینئیر ٹائیگرز کے پہلے بنگالی کمانڈنگ افسر کرنل محمد عطاالغنی عثمانی نے بعد ازاں مکتی باہنی کے کمانڈر کی حیثیت سے شہرت پائی اور آزاد بنگلہ دیش میں بنگابیر کا لقب پایا۔ مگر ابھی ستمبر 1965 تھا اور یونٹ کی کمان لیفٹیننٹ کرنل ابوطاہرخیرالحق (اےٹی کےحق) کے پاس تھی اور رجمنٹ پاکستانی 11 ڈویژن کے 106 بریگیڈ کا حصہ تھی۔
جہاں لاہور کے محاذ پر ہم واہگہ اور برکی سیکٹروں کی لڑائیوں کا احوال پڑھتے ہیں جو پاکستانی 10 ڈویژن کے علاقے میں لڑی گئیں وہیں لاہور کے جنوب میں بیدیاں اور قصور کے محاذوں پر ہوئی جنگ کا ذکر خال خال ہی ملتا ہے اور جو ملتا ہے اس میں بھی فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کے کارناموں کا ذکر قریب قریب ناپید ہے۔ سینیئر ٹائیگرز برکی کے جنوب میں بیدیاں ہیڈ ورکس کے اہم ہدف کے دفاع پر مامور تھے۔ یہیں بی آر بی نہر (تقسیم سے قبل کی) اپر باری دو آب کینال کے خشک پتن کے اوپر سے نتھو والا سائفن بناتے گزرتی ہے۔ فرسٹ ایسٹ بنگال کا ذمہ داری کا علاقہ بیدیاں ہیڈ ورکس سے جنوب میں ویگل کے گاوٴں تک پھیلا ہوا تھا۔ یہاں سینیئر ٹائیگرز کی چار کمپنیاں بی آر بی پر مورچہ بند تھیں۔ بٹالین ہیڈکوارٹر نہر سے تھوڑا پیچھے ابراہیم آباد میں تھا جس کا ذکر ہم اوپر کر آئے ہیں۔ ٹائیگرز کے جنوب میں بریگیڈ کی دوسری بٹالین 7 بلوچ رجمنٹ کے مورچے تھے۔ 15 لانسرز کے الفا سکواڈرن کے ٹینک بنگالی سپاہیوں کی دفاعی مدد پر مامور تھے۔
اس علاقے میں ہندوستانی سپاہ کے حملہ آور دستوں نے فیروزپور اور کھیم کرن کی دشاوٴں سے قصور اور گنڈا سنگھ والا کو ہدف بناناتھا۔ یہ ہندوستانی 4 ماوٴنٹین ڈویژن کے حملے کا علاقہ تھا۔ حملے کے پہلے دور میں 62 بریگیڈ نے قصور اور گنڈا سنگھ والا کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے روہی نالہ کے علاقے تک قبضہ جمانا تھا۔ یہاں سے دوسرے دور میں 7 ماوٴنٹین بریگیڈ نے بیدیاں کی طرف بی آر بی نہر اور اپر باری دوآب کینال کے سنگم پر نتھو والا سائفن پر نقب لگانی تھی۔ اس بریگیڈ کے سامنے پاکستانی سپاہ کی 7 بلوچ اور سینیئر ٹائیگرز کے دفاعی مورچے تھے۔ شمال میں آئے حملے کے برعکس جہاں ہندوستانی دستے دن چڑھتے ہی ڈوگرئی اور آگے باٹا پور کی دہلیز پر دستک دے رہے تھے جنوب میں حملے کے آغاز ہی سے بھارتی 4 ماوٴنٹین ڈویژن مشکلات کا شکار تھا اور اس میں ایک موثر کردار سرحدی چوکیوں پر چوکس ستلج رینجرز اور بیدیاں ہیڈ ورکس پر متعین فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کے سینیئر ٹائیگرز کا تھا۔


قصر قصور میں جنگ
پانچ ستمبر کی شام کا ذکر ہے لیفٹیننٹ کرنل شیرازی اپنی پلٹن 7 پنجاب کے مورچوں کے وزٹ سے لوٹ رہے تھے کہ قصور ۔ کھیم کرن روڈ پر روہی نالے کے پاس ایک گاڑی سرحد کی طرف جاتی نظر آئی جس میں کچھ میز کرسیاں، قناتیں اور کیتلیاں پتیلیاں وغیرہ جھانک رہی تھیں۔ پوچھنے پر معلوم ہوا کہ ستلج رینجرز کے جوان فرنیچر اور چائے کا سامان لے کر جارہے تھے کہ ستمبر میں ہونے والی پاک بھارت سرحدی فورس کی ماہانہ ملاقات میں اس مرتبہ شامیانے اور ٹی بریک کی ہماری باری تھی۔ اس سے اگر آپ کو یہ لگے کہ جنگ سر پر آلگی تھی اور ہمارے رینجرز چائے پکوڑے تل رہے تھے تو آپ غلطی پر ہوں گے۔ اسی یعنی 6/5 ستمبر کی درمیانی رات ہندوستانی حملے کی تیاری کے لیے ہندوستانی بارڈر سیکیورٹی فورس اپنی چوکیاں خالی کرکے پیچھے چلی گئی اور قصور سیکٹر کے ستلج رینجرز نے کمال چابکدستی سے صبح صادق کے وقت قریب قریب چار بجے ان خالی چوکیوں پر قبضہ کرلیاتھا۔ رینجرز کی اس دلیرانہ چابکدستی سے پورے محاذ کا نقشہ ہی بدل گیا کہ ہندوستانی حملہ آور فوج کی پہلی رکاوٹ اب ان کی اپنی سرحدی چوکیاں ہی تھیں۔
6 ستمبر کی صبح پونے چار بجے بریگیڈ میجر کی آنکھ ایک فون کال سے کھُلی، فرسٹ ایسٹ بنگال کا ایڈجوٹنٹ لائن پر تھا کہ بیدیاں کی رینجرز پوسٹ کی طرف سے ہندوستانی شیلنگ کی آوازیں آرہی تھیں۔ کچھ ہی دیر میں بقیہ یونٹوں کی طرف سے بھی سرحد پار سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازوں کی رپورٹیں آنا شروع ہوگئیں۔ ہندوستانی سپاہ کا حملہ بیک وقت بیدیاں، پنوآں اور بلّانوالہ پر آیا اور یہ تینوں حملے انفنٹری پلٹنوں نے کمال بہادری اور ٹینکوں اور توپخانے کی فائری مدد سے پسپا کردیئے۔فرسٹ ایسٹ بنگال اور 7 بلوچ کی پلٹنوں کے سامنے حملہ آور سپاہ کو ایک دلدی میدان اور کچھ جگہوں پر کمر تک کھڑے پانی نے روکے رکھا۔ رہی سہی کسر سینیئر ٹائیگرز کی دفاعی پوزیشنوں کی شست باندھتی 7 گرینیڈیئرز کی کم ہمتی نے پوری کردی۔ فائر سپورٹ نہ ہونے اور انجینیئرز کے نہ پہنچ پانے کے کارن گرینیڈیئرز کا پہلا حملہ جو ساڑھے تین بجے تھا ملتوی کرنا پڑا۔ 6 ستمبر شام کے پانچ بجے جب بالآخر 7 گرینیڈیئرز کی ایک کمپنی نے 9 دکن ہارس کے پانچ ٹینکوں کے ساتھ ویگل گاوٴں کی طرف زور آزمائی کی کوشش کی تو پاکستانی توپخانے کی بمباری میں یہ تھڑ دلا حملہ بھی تتر بتر ہو گیا۔ 6 ستمبر کو ہندوستان کی 7 گرینیڈیئرز کی کمپنیاں حملے بیچ میں چھوڑ اپنے اہداف سے جو پسپا ہوئی ہیں تو چھوٹی ٹکڑیوں کی صورت میں رات گئے ولٹوہا واپس پہنچ کر ہی دم لیا۔ 6 ستمبر کے ڈوبتے سورج کے ساتھ ہندوستان کے 4 ماوٴنٹین ڈویژن کی اپنے اہداف حاصل کرلینے کی حسرت بھی غروب ہوگئی۔


7/6 ستمبر کی درمیانی رات ہندوستان نے بیدیاں ہیڈ ورکس پر ایک بڑا حملہ کیا۔ یہ حملہ 17 راجپوت بٹالین نے کیا تھا جو برکی پر حملہ آور 7 ڈویژن کا حصہ تھی۔ 15 لانسرز کے نمبر ون لنک ٹروپ کے ٹینکوں کے ساتھ فرسٹ ایسٹ بنگال کی براوو کمپنی نے جوانوں نے جان پر کھیل کر اس حملے کو روکا اور ہندوستانی سپاہ کو بھاری نقصان پہنچایا۔ ہندوستانی 17 راجپوت کے سپاہیوں کے لیے بی آر بی نہر کے پرلے کنارے پر ٹینکوں کی پوزیشنیں ایک غیر متوقع امر تھا، رہی سہی کسر 15 لانسرز کے ان ٹینکوں کے دور مار فائر نے پوری کرد ی۔ اب یہاں سے لاہورسے جنوب میں لڑی گئی ستمبر کی جنگ کی روداد ’میلڈ فِسٹ‘ یعنی پاکستانی رسالے کی کھیم کرن اور آگے کی دورمار نقب کی کوشش اور اس کے نتیجے میں ہندوستانی اور پاکستانی میکانائزڈ دستوں میں چلنے والے چوہے بلی کے کھیل کی کہانیوں میں کھو جاتی ہے۔آگے لڑتے میکانائزڈ دستوں کی آڑ میں بی آر بی کی دفاعی پلٹنیں بھی نہر پار کے اہم اہداف پر قبضہ کریں گی۔ سینیئر ٹائیگرز بھی بیدیاں ہیڈورکس پر پُل کے پار اتریں گے اور جنگ بندی تک جاری رہنے والی جھڑپوں اور گھاتوں میں دادِ شجاعت دیں گے۔
حوالدار ظہیر الحق پٹھان ایک سو چھ ملی میٹر ریکائل لیس رائفل کے دستے کی کمان کررہاتھا اور چھ ستمبر کو جبکہ ہندوستانی ٹینک بیدیاں ہیڈورکس پر پل کراس کرنے کی سرتوڑ کوشش کررہے تھے اس دستے نے انہیں چن چن کر شکار کیا تھا۔ لانس نائیک حشمت اللہ اور ابوالہاشم نے چھ ستمبر کو پل کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ گھمسان کے رن میں یہ دونوں نہر کے پار زخمی ہوکر گرے ایک ساتھی کو بھی اٹھا کر واپس لے آئےتھے۔ دونوں جوانوں کو تمغۂ جرات کا اعزاز دیا گیا۔ لانس نائیک ابوالہاشم نے کچھ سالوں کی دوری پر بہادری کا ایک اور تغمہ بھی لینا تھا، مگر اس کا ذکر ابھی آگے کی کہانی میں آئے گا۔ سات اور آٹھ ستمبر کی رات کو ہندوستانی پیدل سپاہ کے جان توڑ حملے کے سامنے نائیک منیرالحق کی ڈھال تھی۔ وہ اپنی مشین گن کے پیچھے سینہ سپر تھا۔ اس کے ہتھیار نے تب تک آگ اگلنی بند نہ کی جبتک کہ منیر خود شہید نہ ہوگیا۔ دشمن کا یہ حملہ پسپا ہوگیا تھا۔ نائیک منیرالحق کو بعد از شہادت تمغۂ جرات سے سرفراز کیا گیا۔
10/9 ستمبر کی رات کا حملہ بہت شدید تھا جس میں حوالدار عطاالرحمن شدید زخمی ہوگیاتھا۔ نہر کے پاراپنے پلاٹون کمانڈرکا گھائل وجود دیکھتے سپاہی امین اللہ کی غیرت نے جوش مارا تو اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر شدید فائر میں حوالدار عطا کو اپنی پشت پر لاد نہرپار کرکے ہوم بنک کے مورچوں تک لے آیا۔ اس فرض شناسی پر ہمارے دونوں سپاہی تمغۂ جرات کے حقدار ٹھہرے۔ اٹھارہ ستمبر کو ہوئی ایک جھڑپ میں نائیک تاج الاسلام مشین گن دستے کی کمان کررہا تھا۔ اس دستے کے مہلک فائر نے ہندوستانی سپاہ کا بہت جانی نقصان کیا۔ مورچوں کے دفاع میں فائر گرانے کےدوران سامنے سے آئی گولیوں کی ایک باڑھ سے خود تاج الاسلام کا سینہ چھلنی ہوگیا۔ ہمارے جوانمرد نائیک کو بعد از شہادت تمغۂ جرات عطا کیا گیا۔
بیدیاں کے ناقابلِ تسخیر دفاع میں سینیئر ٹائیگرز نے کل سترہ اعزازات اپنے نام کیے جن میں 8 تمغہٴ جرات کے علاوہ تین ستارہٴ جرات تھے۔ ستارۂ جرات میں سے ایک کمانڈنگ آفیسر لیفٹیننٹ کرنل حق اور دوسرا صوبیدار محمد علی کے حصے میں آیا۔ایک تیسرا ستارۂ جرات صوبیدار عظیم خان کی چوڑی چھاتی کی زینت بنا، مگر چند سالوں کی دوری پر ایک وقت ایسا بھی آئے گا جب سینیئر ٹائیگرز کا یہی صوبیدار میجر عظیم خان جیسور کی ایک پرآشوب صبح ایک بے چارگی کے عالم میں بہادری کے اسی تغمے کو اپنی چھاتی سے نوچ پھینکے گا۔مگر اس میں ابھی دیر ہے۔ ابھی تو ہم جاتے ستمبر میں فاتحِ کھیم کرن کا اعزاز سینے پر سجائے مسرور ہیں۔ کیل کانٹے سے لیس بیدیاں پر آئے ہندوستانی حملوں کوپسپا کردینے کی لڑائی میں بہادری کے اعزازات اپنے سینے پر سجائےمادرِ وطن کی حفاظت میں پندرہ جانوں کا دان پیش کیے، سینیئر ٹائیگرز کی فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ بھی مسرور ہے۔ وہ پلٹن جو پاکستان کے ساتھ جنمی تھی، جسکے بانکپن میں آزاد مملکتِ پاکستان کا بانکپن جھلکتا تھا، جس کے پاس بہادری کی ماضی گزیدہ کوئی روایت کوئی جنگِ عظیم کا قصہ کوئی کوئینز کلر کچھ نہیں تھا۔ مگر وہ بیدیاں کے محاذ پر آئے ہندوستانی حملے کے سامنے ایک ناقابلِ تسخیر دیوار بن گئی تھی۔
ٹائیگرز کی واپسی
پینسٹھ کے ستمبر کی جنگ میں پندرہ جانوں کا نذرانہ دینے اور بہادری کے سترہ اعزاز، جن میں تین ستارہٴ جرات، سات تمغہٴ جرات، ایک تمغہٴ قائدِ اعظم اور چار امتیازی اسناد شامل ہیں، جیتنے والی سینیئر ٹائیگرز کی پلٹن کے غازی لاہورکے گنجِ شہیداں میں اپنےشہیدوں کی یادگار اور ان کے مدفن کو چھوڑ، سینوں پر بہادری کے تغمے سجائے جب اگلے سال 1966 کے جون کے مہینے میں سونار بنگلہ کو پلٹے تو چٹگاوٴں (چٹاگانگ جو آج کا چٹو گرام ہے) میں ان کا شاندار استقبال ہوا۔ یہ بنگالی سپاہ کا وہ دستہ تھا جسے میدانِ جنگ میں اترنے کا پہلا موقع مغربی پاکستان کے محاذ پر مِلا جہاں اس نے پاک فوج کی دیگر کہنہ مشق پلٹنوں کے شانہ بشانہ ایک پیشہ ورانہ مہارت سے دادِ شجاعت دی اور جنگ کی بھٹی سے کندن بن کر نکلے۔ چٹاگانگ کی بندرگاہ پر لوگوں کا جمِ غفیر امڈ آیا تھاجو اپنے مجاہدوں کے استقبال کے لیے پھولوں کے ہار اور نعروں سے لیس ہوکر پہنچے تھے۔ مشرقی پاکستان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل فضل مقیم خان رجمنٹ کے استقبال کے لیے خود موجود تھے۔ رجمنٹ اپنے ساتھ ایک وار ٹرافی، جنگ میں چھینا گیا ہندوستانی سپاہ کا ٹینک بھی لائی تھی جسے ایسٹ بنگال رجمنٹ سنڑ میں نمائش کے لیے بھجوا دیا گیا۔ سپاہیوں کے ساتھ ساتھ ان کے استقبال کو آئے مشرقی پاکستانیوں کے سینے بھی فخر سے بلند تھے۔ اس جذباتی ماحول کی عکاسی کرتے ہوئے پاک فوج کے ہفتہ وار جریدے ہلال کےمدیر نے 3 جولائی 1966 کی اشاعت میں ایک پرجوش ادارئیے میں لکھا
مشرقی پاکستان کے ان دلیروں نے مغربی پاکستان کی سرحدوں کا جس طرح دفاع کیا وہ ملک کے دونوں بازوؤں کے اتحاد و یک جہتی کا ثبوت و ضامن ہے۔ ان دلیروں نے انگریز کے پھیلائے ہوئے اس من گھڑت افسانے کی دھجیاں بکھیرکر رکھ دی ہیں کہ بنگالی نوجوان فوج کے لیے موزوں نہیں۔
اس ادارئیے سے چند سالوں کی دوری پر ملک کے دونوں بازوؤں کے اتحاد و یک جہتی کو اپنی ہی نظر لگنے والی تھی اور انگریز سے ہی مستعار لیے مغربی پاکستانی کمانڈروں کے اس من گھڑت مفروضے کی دھجیاں بکھرنے والی تھیں کہ آپسی لڑائی میں بنگالی اپنے مغربی پاکستانی بھائیوں سے کمتر ثابت ہوں گے۔
ان لوٹ کر آنے والوں میں میجر (بعد ازاں لیفٹیننٹ کرنل ) مانگ کیا اُو (Maung Kyaw Oo) بھی تھے جن کا کاکس بازار کے لوگوں نے ایک ہیرو کی طرح استقبال کیاتھا۔ آپ بیدیاں کے مورچوں میں سینیئر ٹائیگرز کے سیکنڈ ان کمانڈ تھے اور جنگ کے بعد مغربی پاکستانی اخبارات نے اس کا بہت چرچا کیا تھا کہ کیسے ایک بدھسٹ (بدھ مت کا پیروکار) میجر نے اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ مل کر ہندووٴں سے جنگ لڑی۔ مگر پھر یہی پاک فوج تھی جب 1966 میں ہی سکستھ ایسٹ بنگال رجمنٹ کو کھڑا کرنے کی ذمہ داری لیے میجر مانگ کومیلا چھاوٴنی میں پوسٹ ہوئے تو انکی یقینی پروموشن پر شب خون مارتے ہوئے ایک مغربی پاکستانی افسر کو سکستھ ایسٹ بنگال میں پوسٹ کرکے میجر صاحب کو سُپر سیڈ کردیا گیا۔ میجر مانگ خوش قسمت رہے کہ آپریشن سرچ لائٹ سے دو دن پہلے ہی 23 مارچ 1971 کو چٹاگانگ میں اپنی سروس پوری کرکے پاک فوج سے ریٹائر ہوگئے۔ تب جیسور میں تعینات فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کی باقی کی نفری اتنی خوش قسمت ثابت نہ ہوئی۔
’تو اب جیسا کہ آغا حشر کے ڈراموں میں بدلتا ہے تو منظر بدلتا ہے‘*
اگر آپ میجر آفتاب احمد کی خود نوشت ’مشرقی پاکستان کے میدانِ جنگ سے آخری سلام‘ پڑھیں توکتاب کے عین مرکز میں صفائی سے تہہ کیے ہوئے چمکدار کاغذ پر ایک نفیس سکیچ نظر پڑتا ہے۔ سکیچ میں دکھایا گیا اسوقت کے مشرقی پاکستان میں جیسور سے مغربی سمت کا علاقہ ہے جو بھارتی سرحد کو لگتا ہے۔ سرحد کے ساتھ کچھ باغی کمپنیاں دکھائی گئی ہیں، جنوب میں بہتی بلونیا ندی ہے اور وہیں فائر بیس کے ساتھ 25 بلوچ رجمنٹ کا ہیڈکوارٹر ہے۔
ِ
ہاتھ سے بنے اس نقشے کی نفیس ڈرائنگ دیکھ کرہمیں شک پڑا کہ ہو نہ ہویہ بھابھی کےہاتھ کاکمال ہے۔ غور سے دیکھنے پر نگہت آفتاب کے دستخط ہمارے گمان پر مہرتصدیق ثبت کرتے نظر آئے۔ اس گمان کاسیاق وسباق کچھ یوں ہے کہ ایک جوبن پر آئی کپتانی اور نئی نئی شادی کے خمار میں جب ہم نوشہرہ میں جونئیر سٹاف کورس کر رہے تھے تو سکول آف آرٹلری میں ہماری بیگم بھی ہمارے ساتھ تھیں۔ تو بات کچھ یوں ہے کہ کورسز پر ہونے والی میپ ایکسرسائزز کی تیاری میں لائق افسروں کی مدد کے لیے یونٹیں عموماً انٹیلی جنس حوالدار کو جو نقشہ سازی کے فن میں کامل ہوتا ہے کچھ عرصے کے لیے سکول کے ساتھ اٹیچ کر دیتی ہیں۔ جن افسروں کے یونٹ کمانڈر سے تعلقات ٹھیک نہ ہوں یا کسی اور پیشہ ورانہ مصروفیت کی وجہ سےاِنٹ (Int) حوالدار نہ آسکے وہ یا تو خود نقشے مارک کرتے ہیں اوراگر شادی شدہ ہوں تو خوشخط بیویوں کی طرف ملتجیانہ نظروں سے دیکھتے ہیں۔ صاحبو! اپنے جونیئر سٹاف کورس کے دوران بیگم مانی کی طرف ملتجیانہ نظروں سے دیکھنے کے ہمارے سارے کوائف پورے تھے۔
نگہت آفتاب کا بنایا سکیچ دیکھ کر ہمیں اپنی میپ مارکنگ ایکسرسائز میں مانی کے ہاتھ کے بنائے سکیچ بے اختیار یاد آ گئے جو اب بھی ایک ہجرت کی باقیات میں وطن میں چھوڑے سامان کے کسی ٹرنک میں حفاظت سے رکھے ہوں گے۔ دیکھیے بات ’مشرقی پاکستان کے میدانِ جنگ سے آخری سلام‘ میں بیگم نگہت آفتاب کے بنائے سکیچ کی ہو رہی تھی اور کہاں سے کہاں نکل گئی۔
میجر آفتاب سقوط پاکستان کے پر آشوب دورمیں اپنی پلٹن 25 بلوچ کےساتھ مشرقی پاکستان میں جیسور کے مقام پر تعینات تھے۔ بیگم نگہت آفتاب کا کھینچا سکیچ مارچ 1971 کا طوفان گزر جانے کے بعد کے دنوں کا ہے جب پلٹن بھارتی سرحد پر فرسٹ ایسٹ بنگال کے باغیوں سے برسرِ پیکار تھی۔ یہ وہی سینیئر ٹائیگرز تھے جو ستمبر کی جنگ میں بیدیاں کے محاذ سے غازی بن کر لوٹے تھے اور جنکا ذکر ہم نے ابھی اوپر ایک تفصیل میں کیا ہے۔
نگہت بھابھی کے بنائے خوبصورت اور تفصیلی سکیچ پر بلونیا ندی اور پھول باڑی کی قربت میں لڑی جانے والی لڑائی کا احوال تو آپ میجرآفتاب کی کتاب میں پڑھیے گا۔ ہم یہاں سے ایک پرآشوب مارچ کے جیسور کو پلٹیں گے۔

تو صاحبو سن چھیاسٹھ کے جون میں ہوئے ایک شاندار استقبال سے ’جیسا کہ آغا حشر کے ڈراموں میں بدلتا ہے‘ تو منظر بدلتا ہے اور ہم خود کو ایک پرآشوب اکہتر کے مارچ میں جیسور میں پاتے ہیں۔ 25/26 مارچ 1971 کی درمیانی رات جب آپریشن سرچ لائٹ کا باقاعدہ آغاز ہوا تو فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ جیسور چھاؤنی میں نہیں تھی۔ سینیئر ٹائیگرز بھارت کی سرحد پر جگدیش پور گاؤں کے اطراف جنگی مشق میں مصروف تھے۔29 مارچ تک جب ایسٹ بنگال رجمنٹ اور ایسٹ پاکستان رائفلز کی یونٹیں باقاعدہ بغاوت کرچکی تھیں سینئیر ٹائیگرز کی صفوں میں سکوت تھا۔ یہاں تک کہ رجمنٹ میں تعینات مغربی پاکستانی افسر بھی جن میں اسوقت کے میجر اور بعد کے کراچی کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل لہراسب خان بھی شامل تھے محفوظ رہے۔ سینیئر ٹائیگرز وہ واحد پلٹن تھی جس کے تمام مغربی پاکستانی افسران بغیر کسی جانی نقصان یا مکتی باہنی کی قید میں جانے کے بجائے جیسور چھاؤنی کے محفوظ حصار میں ’حلیف دستوں’ سے آملے تھے۔ اگر یہ سب کچھ سینیئر ٹائیگرز کی حب الوطنی کا ثبوت نہیں تھا تو اور کیا تھا!
29 مارچ کو فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ احکام کی بجا آوری میں محاذ سے جیسور واپس پلٹ آئی۔ ان کے راستے میں جیسور کے نواح میں 25 بلوچ کی لگ بھگ اڑھائی سو کی نفری بارکوں میں تعینات تھی۔ کیپٹن آفتاب اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ سینیئر ٹائیگرز اگر چاہتے تو 25 بلوچ کی اس نفری کو تہ تیغ کرسکتے تھے اور صرف یہی نہیں بلکہ کشتیا اور کھلنا میں بغاوت سے برسرپیکار یونٹوں کی بچی کھچی نفری پر ہلہ بول کر جیسور کا تغمہ اپنے سینے پر سجالیتے، مگر اس پلٹن کی رگوں میں ابھی وطن سے محبت کی رمق باقی تھی۔کمانڈر جیسور بریگیڈیئر درانی کے احکام کی بجا آوری میں 25 بلوچ کے کرنل ڈین 30 مارچ کی صبح ہتھیار رکھوانے سینیئر ٹائیگرز کے کمانڈنٹ آفس پہنچ گئے۔ کیپٹن آفتاب بتاتے ہیں کہ اس حکم پر کمانڈنٹ فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کرنل ضیاء الجلیل سناٹے میں آگئے۔ یونٹ کے صوبیدار میجرعظیم خان ستارۂ جرات نے شدید احتجاج کیا۔ صوبیدار میجر کی چھاتی پر روشن ستارہٴ جرات 65 کے بیدیاں کے محاذ پر دادِ شجاعت دیتے ہوئے جیتا گیا تھا۔ بیدیاں کے مورچوں پر آئے ہندوستانی حملے میں صوبیدار عظیم خان نے پلاٹون کی کمان اسوقت سنبھالی جب پلاٹون کمانڈر زخمی ہو چکا تھا۔ 10 ستمبر سے 16 ستمبر کے درمیان ایس ایم عظیم خان کی قیادت میں بی آربی کے مورچوں سے آگے ایک نئے تفویض کردہ مشن کی ادائیگی میں سینیئر ٹائیگرز کی اس پلاٹون نے ہندوستانی سپاہ پر پے درپے حملے کیے اور دشمن کے ہوائی حملوں اور توپخانے کی بمباری کے دوران ثابت قدم رہے۔ مارچ 1971 کے جیسور میں ستمبر 65 کا بیدیاں کے دفاع میں جیتا ستارہٴ جرات چھاتی پر سجائے ایک صوبیدار میجر احتجاج کرتا تھا کہ اس کی حب الوطنی پر سوال اُٹھایا گیا تھا۔
جب مغربی پاکستانی کمانڈر کرنل ڈین اپنی مجبوری کی داستان سنا چکے تو فرط جذبات میں کرنل ضیاء نےاپنے شولڈر رینک اور صوبیدار میجر نے چھاتی کے وہ تغمے جن میں لاہور کے محاذ پر جوانمردی کی گواہی دیتا ستارۂ جرات جھلملا رہا تھا اتار پھینکے۔ اب یہاں جنرل شوکت رضاآپ کو بتائیں گے کہ یہ (شولڈر رینک اور میڈلز نوچ پھینکنا) پہلے سے طے شدہ اشارے تھے کہ جن پر فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ نے فائر کھول دیا تھا اور موقع پر موجود 22 فرنٹئیرفورس اور 25 بلوچ کو جوابی فائر کرنا پڑا۔
مگر وہاں موجود 25 بلوچ کے کیپٹن آفتاب گواہی دیں گے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا تھا اور مغری پاکستانی افسروں کا دستہ بحفاظت اپنی گاڑیوں کی طرف واپس آگیا تھا۔ کرنل ضیاء الجلیل کے دفتر سے نکل کر جیپ میں سوارہوتے ہی 25 بلوچ کے کمانڈنگ آفیسر کرنل ڈین نے وائرلیس پربریگیڈ کمانڈر کو فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کی بغاوت کی خبر دی اور جیپ میں ساتھ بیٹھے اپنے کمپنی کمانڈر کو بغاوت کچلنے کا حکم۔ بغاوت کا علم بلند نہ کرنے کی پاداش اور حکم کی تعمیل میں سرحدی علاقے سے ایک لمبے اور کٹھن مارچ کی تھکاوٹ میں پلٹے سینیئر ٹائیگرز کو 25 بلوچ کے مارٹر اور 55 فیلڈ رجمنٹ کی توپوں کے گولوں نے آدبوچا۔ ایک افراتفری کی دھکم پیل میں جو بچے وہ مشین گن کی گولیوں سے بھون دیئے گئے۔ ستمبر 1965 میں بیدیاں کے دفاع میں 15 جانوں کا نذرانہ دینے والی فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ سے 1971 کے جیسور میں اس کی اپنی فوج کی گولیوں نے ایک سو پچاسی جوانوں کو نگل لیا تھا۔ بچی کھچی رجمنٹ تو لیفٹیننٹ حفیظ الدین کی نگہداشت میں ہندوستانی سرحد کی طرف پسپا ہوئی مگر فرسٹ ایسٹ بنگال کے کرنل ضیاء الجلیل کی حمیت نے یہ بھی گوارا نہ کیا۔ انہوں نے خود کو جیسور کی سپاہ کے حوالے کردیا۔
ہمارے پڑھنے والوں کو بی آر بی کے مورچوں پر سینہ تان کر لڑنے والا لانس نائیک ابوالہاشم یاد ہوگا جسے حکومتِ پاکستان سے تمغہٴ جرأت عطا ہوا تھا۔ ابوالہاشم نے جب اسی پلٹن کے باغی ہونے کے بعد مغربی پاکستان کے اپنے پیٹی بھائیوں کے خلاف ہتھیار اٹھا کر بہادری کے جوہر دکھائے تو بعد ازاں ایک آزاد بنگلہ دیش کی حکومت نے اسے بہادری کے تیسرے بڑے اعزاز بیر بکرم سے نوازا۔
اپنی جان خطرے میں ڈال کر ’باغیوں کی سرکوبی‘ کرنے کے اعتراف میں بلوچ رجمنٹ کے کرنل ڈین کو تمغۂ قائدِ اعظم سے سرفراز کیا گیا اور بریگیڈ کمانڈر بریگیڈیئر درانی حالات پر قابو پاکر ’بروقت‘ مشرقی پاکستان سے نکل آئے تو کچھ عرصے بعد بلوچستان کی گورنری کی مسند پر فائز ہوئے۔

ممکن ہے ہمارے پڑھنے والوں کو میجر (ریٹائرڈ) آفتاب کے اسلوب میں تلخی اور شکایت کا تعصب نظر آئے مگر صاحبو جب ’مشرقی پاکستان کے میدانِ جنگ سے آخری سلام‘ لکھنے والا آفتاب احمد یہ کہتا ہے کہ کیا ہی اچھا ہوتا اگر ہم نے اپنے ہتھیار باہمی رضامندی سے بنگال کے لوگوں کے دل کی آواز شیخ مجیب، بنگلہ دیش کی آزادی کااعلان کرنے والے میجر ضیاء الرحمٰن اور مکتی باہنی کے کرتا دھرتا کرنل عثمانی کے سامنے ڈالے ہوتے تو اس کی بات میں وزن تو ہے۔ شاید ہم جگجیت سنگھ ارورہ اور جے ایف آر جیکب کے حصار میں ایک دستاویزی دستخط کی ذلت سے بچ جاتے۔
لاہور میں رائل آرٹلری بازار کی قربت میں گنجِ شہیداں کی ایک یادگار بیدیاں کے محاذ پر لڑنے والے سینیئرٹائیگرز کو یاد کرتی ہے۔ سب سے اوپر شہیدوں کو حیاتِ جاودانی کی بشارت دیتا فرمانِ ربی ہے اور نیچے ایک دو کالمی کتبے پر نفیس انگریزی رسم الخط میں پندرہ نام درج ہیں۔ بیدیاں کےمحاذ پر کام آئے یہ نام اب بیگانے ہوچلے ہیں مگر آج بھی مشرقی بنگال کے آتش بجانوں کی محبت میں میجر(ریٹائرڈ) آفتاب احمد یہاں سُرخ گلاب رکھ جاتے ہیں۔
کتنی ہی برساتیں آئیں اور بیت گئیں مگر ایک اجنبی زمین پر گرے خون کے یہ دھبے ہیں کہ دُھل کے ہی نہیں دیتے۔

میں نے دیکھا ہے انہیں مانندِ تیغ بے نیام
مشرقی بنگال کے آتش بجانوں کو سلام
حوصلے ان کے جواں تھے ولولے ان کے مدام
اُن کا نعرہ انتقام و انتقام و انتقام
مشرقی بنگال کے آتش بجانوں کو سلام
اس زمانے میں حنین و بدر کی آواز ہیں
یہ مجاہد قرنِ اول کے نشانہ باز ہیں
یہ دلاور سر زمینِ پاک کے دم ساز ہیں
ان کے سینوں میں دھڑکتا ہے محمدؐ کا کلام
مشرقی بنگال کے آتش بجانوں کو سلام @

* اس پیراگراف کا یہ سرنامہ اپنے تارڑ صاحب کی راکھ کے ایک جملے سے متاثر ہوکر رکھا گیا ہے
@ آغا شورش کاشمیری نے یہ نظم بیدیاں کے محاذ پر فرسٹ ایسٹ بنگال رجمنٹ کی دلیری سے متاثر ہو کر سینیئر ٹائیگرز کے نام کی تھی۔
اس مضمون کے مآخذ میں:
لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمود احمد کی 1965 کی پاک بھارت جنگ پر کتاب Illusion of Victory – A Military History of the Indo-Pak War – 1965
امریندر سنگھ اور لیفٹیننٹ جنرل تیجندر شیر گِل کی کتاب Monsoon War: Young Officers Reminisce: 1965 India-Pakistan War
پاکستان آرمی کا ہفت روزہ جریدہ ’ہلال‘ شمارہ 23 جنوری 1966
پاکستان آرمی کا ہفت روزہ جریدہ ’ہلال‘ شمارہ 3 جولائی 1966
لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) مانگ کیا اُو کے بیٹے مانگ کیا سین کا دی سٹار کے 20 مئی 2011 کے شمارے میں چھپا مضمون Remembering a Tiger’s Last Journey















